اتوار، 20-ستمبر،2026
اتوار 1448/04/09هـ (20-09-2026م)

کوہاٹ پرانی پولیس لائنز میں 3 زور دار دھماکے، 15 افراد شہید اور 50 سے زائد زخمی

18 ستمبر, 2026 15:22

کوہاٹ میں پرانی پولیس لائنز کے قریب نماز جمعہ کے دوران یکے بعد دیگرے 3 زور دار دھماکے ہوئے، جن کے نتیجے میں 15 افراد شہید اور 50 سے زائد شدید زخمی ہو گئے۔

خیبرپختونخوا کے شہر کوہاٹ میں واقع پرانی پولیس لائنز میں نماز جمعہ کے دوران ایک کے بعد ایک 3 زور دار دھماکے سنے گئے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق خودکش حملہ آور نے بارود سے بھری ایک گاڑی پرانی پولیس لائنز کے گیٹ سے ٹکرائی، جس کے نتیجے میں پہلا دھماکا ہوا اور اس دوران فائرنگ کا سلسلہ بھی جاری رہا۔

فائرنگ کے اسی دوران اسپیشل برانچ کی قریبی عمارت پر ایک اور خودکش دھماکا بھی کیا گیا۔ دھماکوں کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ مسجد کا بیرونی حصہ شدید متاثر ہوا، ایک دیوار گر گئی اور دھماکے کے مقام پر ایک گہرا گڑھا پڑ گیا۔

واقعے کے فوراً بعد ریسکیو ٹیموں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے موقع پر پہنچ کر لاشوں اور زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا۔

یہ بھی پڑھیں : پنجگور اور کچھی میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، فتنہ الہندوستان کے 7 دہشت گرد مارے گئے

اس کارروائی کے دوران پولیس نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے ایک دہشتگرد کو اسنائپر کے ذریعے مقابلے میں ہلاک کر دیا۔

سیکیورٹی فورسز نے کوہاٹ ہنگو روڈ کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے مکمل طور پر بند کر دیا ہے جبکہ پولیس لائنز کے اطراف میں اضافی نفری تعینات کرکے سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی اور وزیراعظم شہباز شریف سمیت وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کوہاٹ دھماکوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے متعلقہ حکام سے فوری تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے اور اسپتالوں میں زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی سخت ہدایات جاری کی ہیں۔

رہنماؤں کا کہنا ہے کہ دہشتگردوں کی ایسی بزدلانہ کارروائیاں قوم کے حوصلے پست نہیں کر سکتیں اور دکھ کی اس گھڑی میں پوری قوم شہدا کے لواحقین کے ساتھ کھڑی ہے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔