کوہاٹ: پولیس لائنز میں نماز جمعہ کے دوران خودکش دھماکا، پولیس اہلکاروں سمیت 16 افراد شہید، درجنوں زخمی

کوہاٹ میں پولیس لائن کے قریب نماز جمعہ کے دوران خودکش دھماکے کے نتیجے میں پولیس اہلکاروں سمیت 16 افراد شہید جبکہ درجنوں زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق دھماکا نماز جمعہ کے دوران ہوا، جس کے باعث مسجد کے باہر گہرا گڑھا پڑ گیا، مسجد کا بیرونی حصہ شدید متاثر ہوا جبکہ ایک دیوار بھی گر گئی۔
آئی جی خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے بتایا کہ بارود سے بھری گاڑی پرانی پولیس لائنز کے گیٹ سے ٹکرائی، جس کے بعد دھماکا ہوا اور فائرنگ بھی کی گئی۔ فائرنگ کے دوران اسپیشل برانچ کی عمارت پر بھی ایک خودکش دھماکا ہوا۔
سینٹرل پولیس آفس پشاور کے مطابق کوہاٹ میں ایک دہشت گرد مقابلے میں مارا گیا، جبکہ دھماکے میں 5 پولیس اہلکار اور 11 شہری شہید ہوئے۔
ڈی ایچ کیو اسپتال میں ایمرجنسی نافذ
پولیس کے مطابق دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد کو ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کیا جا رہا ہے، جن میں پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔
ایم ایس ڈی ایچ کیو اسپتال طاہر علی شاہ کے مطابق اسپتال میں 15 لاشیں اور 50 سے زائد زخمی لائے گئے ہیں، جبکہ واقعے کے بعد اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔
پولیس نے کوہاٹ ہنگو روڈ کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کردیا ہے جبکہ پولیس لائنز کے اطراف مزید نفری بھی پہنچ گئی ہے۔
ریسکیو حکام کے مطابق دھماکے کے نتیجے میں قریبی عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ جائے وقوعہ پر امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کوہاٹ دھماکے کا نوٹس لیتے ہوئے پولیس حکام سے رپورٹ طلب کرلی ہے اور واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لے کر تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کا یہ واقعہ انتہائی افسوسناک اور ناقابل قبول ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔
انہوں نے اسپتالوں میں زخمیوں کے علاج اور ضروری طبی سہولیات کی دستیابی یقینی بنانے جبکہ شدید زخمیوں کو دیگر اسپتالوں میں منتقل کرنے کے انتظامات کرنے کی بھی ہدایت کی۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ دہشت گردی کی بزدلانہ کارروائیوں سے قوم کے حوصلے پست نہیں کیے جاسکتے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










