اتوار، 20-ستمبر،2026
اتوار 1448/04/09هـ (20-09-2026م)

30 لاکھ روپے تک رقم، چھوٹے کاروباروں کیلئے شریعہ کمپلائنٹ فنانسنگ کا اعلان

18 ستمبر, 2026 14:04

سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے چھوٹے کاروباروں کے لیے شریعہ کمپلائنٹ ڈیجیٹل فنانسنگ کی منظوری دے دی ہے، جس کے تحت کاروباری افراد 30 لاکھ روپے تک فنانسنگ حاصل کر سکیں گے۔

ایس ای سی پی کے مطابق ’شامل کار تاجر‘ نامی ڈیجیٹل ایپ کے ذریعے چھوٹے کاروباری افراد منظور شدہ سپلائرز سے کاروباری سامان خریدنے کے لیے فنانسنگ حاصل کرسکیں گے۔

اس سہولت کا مقصد چھوٹے کاروباروں کو روایتی طریقہ کار کے بجائے ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے ذریعے باضابطہ اور قانونی کریڈٹ نظام تک آسان رسائی فراہم کرنا ہے۔

ایس ای سی پی کے چیئرمین ڈاکٹر کبیر احمد سدھو نے کہا ہے کہ ڈیجیٹل ڈسٹری بیوشن کے ذریعے ایسے چھوٹے کاروباروں تک فنانسنگ پہنچانے میں مدد ملے گی جو اب تک رسمی مالیاتی نظام سے محروم رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل فنانسنگ کا دائرہ کار وسیع کرنے کے ساتھ صارفین کے حقوق اور تحفظ کو بھی یقینی بنایا جا رہا ہے۔

ایس ای سی پی کے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ ایک سال کے دوران نان بینکنگ کمپنیوں نے ملک بھر میں چھوٹے کاروباروں کو مجموعی طور پر 253 ارب روپے کی فنانسنگ فراہم کی۔

اعداد و شمار کے مطابق اسی عرصے میں تقریباً 25 لاکھ افراد کو چھوٹے کاروبار سے متعلق فنانسنگ فراہم کی گئی، جس سے اس شعبے میں ڈیجیٹل اور متبادل مالیاتی سہولیات کی بڑھتی ہوئی رسائی کا اندازہ ہوتا ہے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔