ستمبر 1965 کی جنگ کا 19واں روز، سیالکوٹ جموں سیکٹر میں دشمن کے 40 ٹینک تباہ

ستمبر 1965 کی جنگ کے 19ویں روز پاک فوج نے مختلف محاذوں پر بھارتی فوج کے خلاف بھرپور کارروائیاں جاری رکھیں اور سیالکوٹ، جموں، قصور، کھیم کرن، واہگہ اٹاری اور سندھ راجستھان سیکٹرز میں دشمن کو شدید نقصان پہنچایا۔
سیالکوٹ جموں سیکٹر میں پاک فوج نے بھارتی فوج کے 40 ٹینک تباہ کیے جبکہ 3 بھارتی افسران، 4 جونیئر کمیشنڈ افسران (جے سی اوز) اور 102 فوجیوں کو جنگی قیدی بنا لیا گیا۔
کھیم کرن کے علاقے میں بھارتی فوج کی جانب سے 3 فضائی حملے کیے گئے جنہیں پاک فوج نے کامیابی سے پسپا کردیا۔
واہگہ اٹاری سیکٹر میں بھی بھارتی فوج کی 2 جوابی کارروائیوں کو بھاری نقصان پہنچاتے ہوئے ناکام بنا دیا گیا۔ قصور اور کھیم کرن کے محاذوں پر پاکستانی افواج نے پیش قدمی کرتے ہوئے بھارتی فوج کو کئی میل تک اس کے اپنے علاقے میں پیچھے دھکیل دیا۔
چونڈہ کے محاذ پر بھی پاک فوج نے بھرپور مزاحمت کرتے ہوئے بھارتی فوج کو شدید نقصان پہنچایا اور دفاعی کارروائیوں کے ذریعے دشمن کے حوصلے پست کیے۔
سندھ راجستھان سیکٹر میں کارروائیوں کے دوران 150 بھارتی فوجی ہلاک جبکہ 21 کو جنگی قیدی بنائے جانے کی اطلاعات سامنے آئیں۔
دوسری جانب مجاہدین نے راجوڑی سے 6 میل دور واقع بھارتی فوجی اڈے کو نشانہ بنایا، جبکہ سری نگر سے 15 میل دور بگرام روڈ پر ایک اہم پل بھی تباہ کردیا گیا۔
پاک فضائیہ نے بھی جنگ کے 19ویں روز اپنی فضائی برتری برقرار رکھتے ہوئے زمینی افواج کو مسلسل فضائی مدد فراہم کی۔ سیالکوٹ اور جموں سیکٹر میں کارروائی کے دوران بھارتی فضائیہ کا ہنٹر جنگی طیارہ بھی مار گرایا گیا۔
جنگ کے دوران قومی سطح پر بھی دفاع وطن کے جذبے کا اظہار کیا گیا۔ ملک بھر سے مصنفین، شعراء اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے اپنی آمدنی کا 10 فیصد نیشنل ڈیفنس فنڈ میں دینے کا فیصلہ کیا۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











