جمعہ، 25-ستمبر،2026
جمعہ 1448/04/14هـ (25-09-2026م)

میر رضا کیس: جوڈیشل کمیشن نے سینئر پولیس افسران کو ذاتی حیثیت میں طلب کرنے کی درخواست مسترد کردی

25 ستمبر, 2026 13:55

کراچی: میر رضا کیس کی تحقیقات کیلئے قائم جوڈیشل کمیشن نے مقتول کے اہل خانہ کی جانب سے سینئر پولیس افسران کو ذاتی حیثیت میں طلب کرنے کی درخواست مسترد کردی۔

جسٹس عمر سیال کی سربراہی میں قائم جوڈیشل کمیشن نے گزشتہ روز کی کارروائی کا تحریری حکم نامہ جاری کردیا، جس میں اہل خانہ کی درخواست اور کمیشن کی کارروائی سے متعلق اہم نکات شامل ہیں۔

تحریری حکم نامے کے مطابق کارروائی کے دوران سیکریٹری صحت طاہر سانگی، ڈی جی ہیلتھ شہریار میمن اور ایس ایس پی ڈاکٹر سمیع اللہ سومرو کے بیانات قلمبند کیے گئے۔

میر رضا کے اہل خانہ نے ایڈیشنل آئی جی، ڈی آئی جی عامر فاروقی اور ڈی آئی جی فرخ لنجار کو ذاتی حیثیت میں کمیشن کے سامنے طلب کرنے کی درخواست دائر کی تھی۔

کمیشن نے کہا کہ 17 ستمبر کو پہلے ہی آگاہ کیا جاچکا تھا کہ سینئر پولیس افسران کو ذاتی حیثیت میں طلب نہیں کیا جائے گا۔ تحریری حکم نامے کے مطابق کارروائی کے دوران ایسا کوئی نیا مواد سامنے نہیں آیا جس کی بنیاد پر سابقہ ہدایت میں تبدیلی کی ضرورت ہو۔

حکم نامے میں کہا گیا کہ بلاوجہ کمیشن کے احکامات تبدیل کرنے سے عوام کے کمیشن پر اعتماد کو نقصان پہنچ سکتا ہے، اس لیے اہل خانہ کی سینئر پولیس افسران کی ذاتی حاضری سے متعلق درخواست مسترد کی جاتی ہے۔

کمیشن نے اہل خانہ کو اجازت دی ہے کہ وہ سینئر پولیس افسران سے پوچھے جانے والے اپنے سوالات تحریری طور پر جمع کراسکتے ہیں۔ یہ سوالات متعلقہ افسران کو بھیجے جائیں گے۔

اہل خانہ سینئر پولیس افسران سے متعلق اپنے سوالات 26 ستمبر تک جمع کراسکتے ہیں۔

تحریری حکم نامے کے مطابق کمیشن نے ایس ایس پی سمیع اللہ سومرو کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کیا، تاہم افسر کی جانب سے اپنی کوتاہیوں کو تسلیم کرنے کو سراہا۔

کمیشن نے قرار دیا کہ ایس ایس پی سمیع اللہ سومرو نے چھپنے کے بجائے مناسب انداز میں سوالات کے جوابات دیے۔

جوڈیشل کمیشن نے میر رضا کیس کی مزید کارروائی 28 ستمبر تک ملتوی کردی۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔