عالمی امن و سلامتی کیلئے پاکستان کا کردار قابلِ تحسین، اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کی وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات

نیویارک: اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے عالمی امن و سلامتی کے لیے پاکستان کے کردار اور خدمات کو سراہتے ہوئے خطے میں پائیدار امن اور تنازعات کے پرامن حل کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں کی تعریف کی ہے۔
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس کے موقع پر وزیراعظم محمد شہباز شریف نے نیویارک میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس سے ملاقات کی، جس میں اہم علاقائی اور عالمی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اقوام متحدہ کے منشور کے مقاصد اور اصولوں سے پاکستان کی مضبوط وابستگی کا اعادہ کرتے ہوئے خطے اور دنیا میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کے عزم کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے عالمی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کی قیادت کو بھی سراہا۔
ملاقات میں مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال بالخصوص فلسطین کا معاملہ بھی زیر بحث آیا۔ وزیراعظم نے فلسطینی عوام کے حقِ خودارادیت اور آزاد ریاست کے قیام کے حق کے لیے پاکستان کی حمایت کا اعادہ کیا۔
وزیراعظم نے دنیا کے مختلف حصوں میں اسلاموفوبیا کے بڑھتے ہوئے رجحان پر پاکستان کے تحفظات سے سیکرٹری جنرل کو آگاہ کیا اور اس کے تدارک کے لیے عالمی سطح پر مؤثر اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔
دونوں رہنماؤں نے افغانستان کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ پاکستانی جانب سے افغان سرزمین سے پیدا ہونے والے دہشت گردی کے خطرات اور ان میں اضافے پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔
ملاقات کے دوران سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے عالمی امن و سلامتی کے لیے پاکستان کی خدمات کو سراہا۔ فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق انہوں نے تنازعات کے پرامن حل اور خطے میں پائیدار امن و استحکام کے لیے پاکستان کی سفارتی اور ثالثی کوششوں کی بھی تعریف کی۔
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے کردار اور اس سلسلے میں دی جانے والی قربانیوں کو بھی سراہا۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.









