بدھ، 24-جون،2026
منگل 1448/01/08هـ (23-06-2026م)

اسمگلنگ میں ملوث اہلکاروں کا کورٹ مارشل ہوگا: سرفراز بگٹی

02 اکتوبر, 2023 17:21

اسلام آباد: سرفراز بگٹی کا کہنا ہے کہ اسمگلرز کے خلاف بھرپور کارروائیاں جاری ہیں، کوئی کتنا ہی بڑا آدمی ہو کسی کے لیے کوئی نرمی نہیں، اسمگلنگ میں ملوث فورسز کے اہلکاروں کا کورٹ مارشل ہوگا۔

نگراں وفاقی وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ اسمگلنگ کی روک تھام کے لئے ایک ماہ کے دوران حاصل نتائج بتانا چاہتا ہوں، حکومت نے گندم، چینی، یوریا اور پٹرولیم کی اسمگلنگ کو روکا، اینٹی اسمگلنگ کے حوالے سے مشترکہ چیک پوسٹس قائم کر دی ہیں جن میں کسٹم، فرنٹیئر کور اور تمام ادارے شامل ہیں۔

سرفراز بگٹی کا کہنا تھا ڈالر کی اسمگلنگ اور حوالہ ہنڈی کے خاتمے کے لئے 1068 ایف آئی آرز درج کیں نارکوٹکس کے خلاف بھی بھرپور مہم جاری ہے 242 مقدمات درج کئے۔

یہ بھی پڑھیں: سندھ میں چینی سمیت دیگر چیزوں کی اسمگلنگ : حکمت عملی تیار

ان کا کہنا تھا کہ طاقتور عناصر کو بھی روکا جارہا ہے، کوئی کتنا ہی بڑا آدمی ہو کسی کے لیے کوئی نرمی نہیں، ملوث افسران کے خلاف انکوائری کی جا رہی ہے، یہ کہنا غلط ہوگا کہ اسمگلنگ میں سیکورٹی فورسز ملوث نہیں تھیں، کیونکہ یہ اسمگلنگ اونٹوں پر نہیں بلکہ ٹرکوں پر ہورہی تھی، میں اس میٹنگ میں شریک تھا جس میں آرمی چیف نے اپنے لوگوں کو واضح کہا ہے کہ نہ صرف کورٹ مارشل ہوں گے بلکہ ملوث افسران کو جیل بھی بھیجا جائے گا، فوج کا اپنا ایک احتساب کا نظام ہے جو ہم نے 9 مئی کو دیکھا۔

انہوں نے کہا کہ آنے والے دنوں میں دہشت گردی میں واضح کمی آئے گی، سیکیورٹی آپریشنز کے نتیجے میں دہشت گرد پریشان ہوکر زیادہ حملے کرتے ہیں، وہ دھماکے کرکے ریاست کو بیک فٹ پر لے جانے کی کوشش کرتے ہیں، یہ ان کی غلط فہمی ہے، ہم پیچھے نہیں ہٹیں گے بلکہ آگے بڑھ کر ان سے لڑیں گے، یہاں تک کہ ایک بھی دہشت گرد ملک میں باقی نہ رہے، تاکہ ہم اپنی مرضی سے جیئیں، بندوق کے زور پر کسی کو اپنا ایجنڈا مسلط نہیں کرنے دیں گے۔

Catch all the Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔