ایم کیو ایم کا جمعہ کو فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ریلی نکالنے کا اعلان

کراچی: خالد مقبول صدیقی کا کہنا ہے کہ صرف مذمتی اور تعزیتی بیانات سے کام نہیں چلے گا، حکومت پاکستان کو مسئلہ فلسطین پر واضح مؤقف اختیار کرنا چاہیے۔
ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما خالد مقبول صدیقی کا پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ فلسطین میں ہونے والے مظالم کی مذمت کرتے ہیں، عالمی برادری فلسطین میں مظالم کے خلاف آواز اٹھائے، مسئلہ فلسطین اقوام عالم کے لیے ایک بہت بڑا چیلنج ہے، فلسطین کی صورتحال اقوام عالم کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔
خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ فلسطین میں اس وقت انسانی المیہ جنم لے چکا ہے، بروقت اقدامات نہ ہوئے تو عالم اسلام خطرے میں پڑجائے گا، ایم کیو ایم پاکستان کی فلسطین کے مسئلے پر گہری نظر ہے، رابطہ کمیٹی سمجھتی ہے ایم کیو ایم کو اس معاملے پر اپنا کردار ادا کرنا چاہیے، کراچی جغرافیائی لحاظ سے اہم اور منفرد حیثیت رکھتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: اسرائیلی فوج کے حملوں میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 2 ہزار کے قریب پہنچ گئی
ایم کیو ایم نے جمعہ کو فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ریلی نکالنے کا اعلان بھی کردیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ تمام پاکستانیوں کو فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کرنا ہوگا، ایسا مظاہرہ ہونا چاہیے جسے اقوام عالم نظر انداز نہ کرسکے، صرف مذمتی اور تعزیتی بیانات سے کام نہیں چلے گا، حکومت پاکستان کو مسئلہ فلسطین پر واضح مؤقف اختیار کرنا چاہیے۔
Catch all the Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












