ہفتہ، 20-جون،2026
ہفتہ 1448/01/05هـ (20-06-2026م)

ہمارے درمیان سیٹوں کی تقسیم پر کوئی بات نہیں ہوئی، ن لیگ کی ایم کیو ایم رہنماؤں سے ملاقات

12 نومبر, 2023 20:00

کراچی: خواجہ سعد رفیق کا کہنا ہے کہ ہمارے درمیان سیٹوں کی تقسیم پر کوئی بات نہیں ہوئی، مسلم لیگ (ن) اور ایم کیو ایم وسائل کی منصفانہ تقسیم پر متفق ہیں۔

کراچی میں ن لیگ اور ایم کیو ایم پاکستان کے رہنماؤں نے ملاقات کی، ملاقات کے بعد مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ سعد رفیق کا ایم کیو ایم رہنما خالد مقبول صدیقی کے ہمراہ کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پاکستان معاشی مشکلات کا شکار ہے، وسائل کی تقسیم کا عمل صوبوں سے آگے بڑھنا چاہیے، ملکی جمہوریت کو عام آدمی کی جمہوریت میں بدلنا ہے، مسائل کے حل کیلئے تمام جماعتوں کو مل کر بیٹھنا ہوگا۔

خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ میثاق جمہوریت کو آگے بڑھائیں اور میثاق معیشت کریں، ہمارے درمیان سیٹوں کی تقسیم پر کوئی بات نہیں ہوئی، ابھی ہمارے درمیان صرف انتخابی اصلاحات پر بات ہوئی، مسلم لیگ (ن) اور ایم کیو ایم وسائل کی منصفانہ تقسیم پر متفق ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ وسائل کی منصفانہ تقسیم کا تعلق صرف کراچی سے نہیں پورے ملک سے ہے، سندھ میں ایسا سیاسی اتحاد بننا چاہیے جو عوامی امنگوں کا ترجمان ہو، یہ نہ ہو سندھ میں ووٹ کسی کو پڑے پرچی کسی اور کی نکلے، عام آدمی کو انصاف دلانے کیلئے نئے نظام عدل پر بھی بات ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ عدلیہ میں اصلاحات منشور میں پہلی ترجیح ہوگا، الیکشن سے پہلے الیکٹورل ایڈجسٹمنٹ ضروری ہے۔

یہ بھی پڑھیں: لاہور اور کراچی کا سیاسی اتحاد، ایم کیوایم اور ن لیگ کا عام انتخابات میں ملکر حصہ لینے کا اعلان

اس کے علاوہ ایم کیو ایم رہنما خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ پاکستان میں اصل مسئلہ نیتوں کا ہے، ہمیں آئین پاکستان کو مضبوط اور عوام دوست بنانا ہے، عام آدمی کے حقوق کا تحفظ ہونا چاہیے، بلدیاتی نظام کو بھی آئینی تحفظ ہونا چاہیے، ملک کو بہت سے بحرانوں کا سامنا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ وسائل کی منصفانہ تقسیم سے پاکستان ترقی کرسکتا ہے، وفاق اور صوبوں کی حکومتوں کو آئینی تحفظ ہے، میئر اور ڈپٹی میئر کی مدت پوری ہونے کے بعد بھی نگراں سیٹ اپ آنا چاہیے، ہمیں ملکر ایک دوسرے کے مینڈیٹ کو تسلیم کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ حکمران دوست آئین اب مزید نہیں چل سکتا، ہم مل کر نئے دور کا آغاز کررہے ہیں جہاں عوام کی حکمرانی ہو۔

Catch all the Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔