آنے والے سالوں میں پاکستان میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری آئیگی: انوار الحق کاکڑ

گوادر: انوار الحق کاکڑ کا کہنا ہے کہ نوجوانوں کو گوادر میں کام کے مواقع میسر ہوں گے، نوجوان آگے بڑھیں اور ملک کی ترقی میں اپنا حصہ ڈالیں، آنے والے سالوں میں پاکستان میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری آئے گی۔
نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے گوادر کا دورہ کیا جہاں وزیر اعظم اور چینی سفیر نے چین پاکستان دوستی اسپتال کا افتتاح کیا، چین کے سفیر نے وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ کو یادگاری شیلڈ دی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انوار الحق کاکڑ کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے ساتھ میری خاص نسبت ہے، پاکستان اور چین کے درمیان دوطرفہ برادرانہ مضبوط تعلقات ہیں، اللہ نے ہمیں چین کی صورت میں بہترین ہمسایہ دیا، چین ترقی کرتا ہے تو سب ممالک ترقی کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ چین نے کروڑوں لوگوں کو بے مثال انداز سے غربت سے نکالا، صدر شی چن پنگ نے چین کی ترقی کو نئی جہتوں پر پہنچایا، گوادر کے لیے صاف پانی ایک دیرینہ مسئلہ تھا جسے حل کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: اوورسیز پاکستان میں سرمایہ کاری کریں، انکی جائیدادوں کی حفاظت حکومتی ذمہ داری ہے: انوار الحق
ان کا کہنا تھا کہ سی پیک کے ذریعے گوادر کے عوام ترقی کے نئے دور میں داخل ہوگئے، گوادر ایئرپورٹ بھی فعال ہونے والا ہے، گوادر میں سمندری پانی کو قابل استعمال بنایا جائے گا، بلوچستان کی آبادی کم اور مواقع بہت زیادہ ہیں۔
نگراں وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کو گوادر میں کام کے مواقع میسر ہوں گے، نوجوان آگے بڑھیں اور ملک کی ترقی میں اپنا حصہ ڈالیں، پاکستان بھی اس صف میں سب سے پہلے آتا ہے، پاکستان کی ترقی میں بلوچستان سب سے پہلے ہے۔
انوار الحق کاکڑ کا کہنا تھا کہ آنے والے سالوں میں پاکستان میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری آئے گی، چینی حکومت کی جانب سے سولر پینل کے منصوبے کے اعلان پر مشکور ہوں۔
Catch all the Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












