جمعرات، 18-جون،2026
جمعرات 1448/01/03هـ (18-06-2026م)

8 فروری کو ایسا سرپرائز دیں گے جو رائیونڈ کو یاد رہے گا: بلاول بھٹو

12 دسمبر, 2023 20:05

گوجرانوالہ: بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ 8 فروری کو ایسا سرپرائز دیں گے جو رائیونڈ کو یاد رہے گا، آپ انہیں 8 فروری کو بتادیں کہ عوام اپنی مرضی سے ووٹ دیں گے، اگر ن لیگ کے دوستوں پر فیصلہ چھوڑتے تو 8 فروری کو الیکشن نہ ہوتا۔

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ آج سپریم کورٹ میں بھٹو قتل کیس ریفرنس کی سماعت ہوئی، آصف زرداری نے 12 سال قبل بھٹو ریفرنس بھیجا تھا، بھٹو ریفرنس کی سماعت چل رہی ہے جو ایک تاریخی موقع ہے، سپریم کورٹ کے شکرگزار ہیں ریفرنس کی سماعت مقرر کی۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ ججز، وکلا اور سیاستدان اس قتل میں شامل تھے، آج تاریخ درست کرنے کا موقع ملا، عدلیہ کو موقع ملا ہے اپنے ہاتھوں سے یہ خون دھوئے اور انصاف کرے، عوام نے پہلے فیصلہ کرلیا ہے کہ ذوالفقار علی بھٹو شہید بے قصور تھے، 1996 میں بینظیر بھٹو کا استقبال کرکے بتادیا تھا کہ عوام کا فیصلہ کیا ہے، بینظیر بھٹو کو وزیراعظم بناکر عوام نے بتادیا تھا بھٹو شہید کا قصور نہیں تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ جو لوگ قتل میں ملوث تھے، عدلیہ کے پاس موقع ہے ریکارڈ درست کرے، ہم چاہتے ہیں تاریخ درست ہو، آئین کے بانی کو انصاف فراہم کیا جائے، ہم تین نسلوں سے انصاف کیلئے جدوجہد کررہے ہیں، وہ وقت دور نہیں جب گڑھی خدابخش اور بھٹو خاندان کو انصاف ملے گا۔

یہ بھی پڑھیں: یہ کیس عدلیہ کیلئے امتحان ہے، سپریم کورٹ کے پاس موقع ہے وہ داغ کو مٹائے: بلاول بھٹو

انہوں نے کہا کہ ذوالفقار بھٹو کے نامکمل مشن کو ہم نے مل کر مکمل کرنا ہے، ذوالفقار علی بھٹو نے روٹی، کپڑا اور مکان کا نعرہ دیا تھا، آج جو پاکستان کے معاشی مسائل ہیں ان کا حل بھٹو کے نعرے میں ہے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ آپ کے پاس بہت سیاستدان آئیں گے جو ووٹ کیلئے ایک دوسرے کو گالی دیں گے، پرانے سیاستدانوں سے ہمارا کوئی مقابلہ ہی نہیں ہے، بہت سے سیاستدان آئے اور گئے لیکن پیپلز پارٹی آج بھی موجود ہے، پاکستان پیپلزپارٹی کا مقابلہ غربت، بے روزگاری اور مہنگائی سے ہے، میری جو تربیت ہوئی ہے اس میں نفرت، تقسیم، گالی گلوچ کی سیاست نہیں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی کی خوبی یہ ہے کہ ہمارا کوئی سیاسی مخالف ہی نہیں ہے، جب بھی پیپلزپارٹی کی حکومت آتی ہے روزگار بڑھتا ہے، ملک کی 70 فیصد آبادی نوجوانوں کی ہے، نوجوانوں کیلئے مشکل ترین وقت روزگار کا حصول ہوتا ہے، روزگار کی تلاش نوجوانوں کیلئے مشکل مرحلہ ہوتا ہے آج ملک میں پڑھے لکھے نوجوان بے روزگار ہیں، پنجاب کی کچی آبادیوں کو بھی مالکانہ حقوق دیں گے، حکومت بنی تو ہم مزدور کارڈ لائیں گے، حکومت بنائی تو اشرافیہ کی سبسڈی ختم کرکے کسانوں کو دوں گا۔

یہ بھی پڑھیں: آصف زرداری کا بلاول کی جگہ وزیراعظم بننے کی خواہش کا اظہار

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ 8 فروری کو ایسا سرپرائز دیں گے جو رائیونڈ کو یاد رہے گا، آپ انہیں 8 فروری کو بتادیں کہ عوام اپنی مرضی سے ووٹ دیں گے، اگر ن لیگ کے دوستوں پر فیصلہ چھوڑتے تو 8 فروری کو الیکشن نہ ہوتا، اب یہ سیاستدان پانچویں مرتبہ پھر حکومت مانگ رہے ہیں، 3 بار خود اور چوتھی مرتبہ بھائی کو وزیراعظم بناکر یہ ناکام رہے، اب پانچویں مرتبہ وزیراعظم بن کر کون ساتیر مارلیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہم الیکشن لڑیں گے مقابلہ کریں گے کسی کے سامنے نہیں جھکیں گے، کسی کو حق نہیں کہ وہ کسی کو پانچویں مرتبہ وزیراعظم بنادے، پہلے آئی جے آئی بنائی گئی تاکہ بینظیر بھٹو کا راستہ روکا جائے، وزیراعظم بننے کے بعد اس کو ہٹایا گیا تو کہتا ہے مجھے کیوں نکالا، دوسری مرتبہ خونی سازش کے تحت دوبارہ وزیراعظم بنا، ان ہی لوگوں سے ٹکرایا جس نے اسے وزیراعظم بنایا تھا۔

چیئرمین بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ 10 سال سعودی عرب میں چھٹیاں گزاریں پھر واپس آیا، اس شخص کو پھر دوتہائی اکثریت دلوائی گئی تو ان لوگوں سے پھر لڑا، لڑائی کرکے باہر آیا تو کہتا ہے مجھے کیوں نکالا، آج بھی لکھ لو دوبارہ سہارے کے ذریعے وزیراعظم بنے گا تو ان سے پھر لڑے گا، پاکستان 2024 میں داخل ہورہا ہے اب نئی سیاست کرنی چاہیئے، یہ نہیں ہوسکتا کہ عمر 70 سال ہے اور کہتا ہے نوجوانوں کی نمائندگی کرتا ہوں۔

یہ بھی پڑھیں: ایک جیل سے نکلنے کیلئے، دوسرا جیل سے بچنے کیلئے الیکشن لڑ رہا ہے: بلاول بھٹو

ان کا کہنا تھا کہ سربراہ پی ٹی آئی کو محسوس ہورہا ہوگا سب کو چور کہہ رہا تھا آج ان پر الزام لگا ہے، پی ٹی آئی اور مسلم لیگ ن کا الیکشن لڑنے کا ذاتی مقصد ہے، ایک نے خود کو جیل سے نکالنا ہے ایک نے خود کو جیل سے بچانا ہے، مجھے جیل کی فکر ہے نہ نیب کی فکر، مجھے صرف عوام کی فکر ہے۔

Catch all the Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔