انصاف کے ترازو کو ایک لاڈلے کی طرف جھکایا جارہا ہے: شہباز شریف

کراچی: شہباز شریف کا کہنا ہے کہ آج پوری قوم عدلیہ سے انصاف پر مبنی فیصلوں کی توقع کرتی ہے، انصاف کے ترازو کو ایک لاڈلے کی طرف جھکایا جارہا ہے۔
مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کراچی پہنچے جہاں انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شاندار استقبال پر کارکنوں کا شکر گزار ہوں، پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے والوں کو خوش آمدید کہتا ہوں، سندھ سے بڑی تعداد میں لوگ مسلم لیگ ن میں شامل ہوئے، ترقی و خوشحالی کے سفر میں سب کو ساتھ لے کر چلیں گے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ الیکشن کی آمد آمد ہے، ہار جیت اللہ تعالیٰ کے ہاتھ میں ہے، کوشش اور محنت کرنا ہمارا بنیادی فرض ہے، الیکشن کمیشن کا بلے کا نشان نہ دینے کا فیصلہ حقیقت پر مبنی تھا، پشاور ہائیکورٹ کا فیصلہ الیکشن کمیشن کے اختیار پر حملے کے مترادف ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں ہماری اکثریت تھی آرٹی ایس نے راتوں رات عوامی فیصلے کو چور کیا، 2018 میں آرٹی ایس نے ن لیگ و دیگر جماعتوں کا مینڈیٹ چھینا تھا، کے پی میں ایسے امیدوار الیکشن لڑرہے ہیں جن کی جج کیساتھ رشتہ داری ہے، انصاف کا تقاضہ یہ تھا کہ جج صاحب بینچ سے الگ ہوجاتے، ایسے جج کی تعیناتی ہوتی جس کی کسی امیدوار کیساتھ تعلق داری نہ ہوتی۔
یہ بھی پڑھیں: الیکشن کمیشن کا فیصلہ معطل، پی ٹی آئی کا انتخابی نشان بلا بحال
انہوں نے کہا کہ سمجھتا ہوں صوبے کی ہائیکورٹ پاکستان کی بنیاد پر کیسے فیصلہ دے سکتی ہے، آج پوری قوم عدلیہ سے انصاف پر مبنی فیصلوں کی توقع کرتی ہے، ایسے فیصلے جہاں سے طرف داری کی بو آتی ہے نہیں ہونے چاہئیں، انصاف کے ترازو کو ایک لاڈلے کی طرف جھکایا جارہا ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اتحادی حکومت نے دوست ملکوں کے ساتھ تعلقات کو بحال کیا، اتحادی حکومت نے ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا، ریاست کو بچانا اولین ترجیح تھی، اب سیاست بھی بچالیں گے۔
Catch all the Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












