جھوٹی خبروں کے ذریعے تاثر دیا جارہا ہے کہ ریاست وجود کھوتی جارہی ہے: آرمی چیف

راولپنڈی: جنرل عاصم منیر کا کہنا ہے کہ ہر قسم کے مافیا کی قوم کے ساتھ مل کر سرکوبی کریں گے، سوشل میڈیا پر ہیجان، مایوسی اور افراتفری کا ماحول پیدا کیا جارہا ہے، جھوٹی خبروں کے ذریعے تاثر دیا جارہا ہے کہ ریاست وجود کھوتی جارہی ہے۔
آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا نیشنل فارمرز کنونشن سے تاریخی خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ زراعت اور مویشی بانی تقریباً ہر نبی کا پیشہ رہا ہے، زراعت اور مویشی بانی میں ڈسپلن، تکلیف، نمو اور صبر شامل ہے، ایسے پیشے کے نتیجے میں بے تحاشہ انعامات ملتے ہیں۔
جنرل عاصم منیر کا کہنا تھا کہ پاکستان کے بارے میں افواہیں اور منفی باتیں بتائی جارہی ہیں، آپ کو پتہ ہونا چاہیئے کہ کلمہ کے نام پر 2 ہی ریاستیں قائم ہوئیں، ایک ریاست طیبہ اور ایک ریاست پاکستان، یہ محض اتفاق نہیں ہے، پاکستان وسائل سے مالا مال ہے، پاکستان کے پاس گلیشیئر، دریا، پہاڑ اور زرخیز زمین ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ 60 کی دہائی میں پاکستان ایشیا کا تیزی سے ترقی کرنے والا ملک تھا، ہم نے قائداعظم کے 3 زریں اصولوں ایمان، اتحاد، تنظیم کو بھلادیا، قائد کے زریں اصول بھلانے کی وجہ سے تنزلی کا شکار ہوئے۔
یہ بھی پڑھیں: پاک فوج انتخابات میں الیکشن کمیشن کو ضروری تعاون فراہم کرے گی: کور کمانڈرز کانفرنس
انہوں نے کہا کہ گرین پاکستان انیشیٹیو کا مقصد ہے سب سے پہلے زراعت پر کام کرنا ہے، گرین پاکستان انیشیٹیو کی آمدن کا بڑا حصہ صوبوں کو جائے گا، باقی حصہ کسانوں اور زرعی ریسرچ کیلئے رکھا جائے گا، فوج کا اس میں کردار صرف عوام اور کسانوں کی خدمت ہے۔
آرمی چیف کا کہنا تھا کہ تمام اضلاع میں زرعی مالز کا انعقاد کیا جائے گا، جہاں کسانوں کو ہر طرح کی زرعی سہولیات میسر ہوں گی، آسان زرعی قرضوں، کولڈ اسٹوریج کی چین بنائی جائے گی، موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے محفوظ بیج کی فراہمی کی جائے گی، جینی ٹیکلی انجینئرڈ لائیو اسٹاک کی فراہمی کو بھی یقینی بنایاجائے گا۔
جنرل عاصم منیر کا کہنا تھا کہ ہر قسم کے مافیا کی قوم کے ساتھ مل کر سرکوبی کریں گے، سوشل میڈیا پر ہیجان، مایوسی اور افراتفری کا ماحول پیدا کیا جارہا ہے، جھوٹی خبروں کے ذریعے تاثر دیا جارہا ہے کہ ریاست وجود کھوتی جارہی ہے۔
آرمی چیف کے خطاب کے دوران کسان پاکستان زندہ باد کے نعرے لگاتے رہے۔
Catch all the Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












