ہفتہ، 13-جون،2026
ہفتہ 1447/12/27هـ (13-06-2026م)

سپریم کورٹ بھی لندن ایگریمنٹ کے تحت چل رہی ہے: عمران خان

15 جنوری, 2024 18:12

راولپنڈی: عمران خان کا کہنا ہے کہ مجھے ڈونلڈ لو اور جنرل باجوہ کو ایکسپوز کرنے کی سزا دی جا رہی ہے، افسوس ہوا کہ سپریم کورٹ بھی لندن ایگریمنٹ کے تحت چل رہی ہے۔

اڈیالہ جیل راولپنڈی میں میڈیا سے غیررسمی گفتگو کرتے ہوئے بانی پی ٹی آئی عمران خان نے کہا کہ چیف جسٹس سے کہنا چاہتا ہوں کہ قرآن کے پانچویں پارے کی 5 ویں سورت کی 8 ویں آیت پڑھ لیں، قرآن میں ہے کہ دشمنوں سے بھی اتنی نفرت نہ کرو کہ انصاف نہ کر سکو۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ بلے کے کیس کی سماعت کے لیے 5 رکنی بینچ ہونا چاہیئے تھا، سب کچھ لندن پلان کے تحت ہو رہا ہے، میرا جیل میں ہونا، پی ٹی آئی کا خاتمہ اور نواز شریف کے کیس معاف ہونا لندن پلان کا حصہ ہے، سب کچھ یہ بتانے کے لیے ہورہا ہے کہ وہ قانون سے بالاتر ہیں، توشہ خانہ ریکارڈ پر ہے کہ نواز شریف نے 6 لاکھ میں مرسیڈیز گاڑی لی، مریم نواز نے بی ایم ڈبلیو گاڑی لی۔

ان کا کہنا تھا کہ ان کے سارے کیسز بند ہیں ہمارا ایک کیس ختم ہوتا ہے تو دوسرا شروع ہو جاتا ہے، مجھے ڈونلڈ لو اور جنرل باجوہ کو ایکسپوز کرنے کی سزا دی جا رہی ہے۔

عمران خان نے کہا کہ افسوس ہوا کہ سپریم کورٹ بھی لندن ایگریمنٹ کے تحت چل رہی ہے، واحد آدمی ہوں جس نے 27 سال جدوجہد کر کے پارٹی کو اس جگہ پہنچایا، ان کو عوام کے غصے کا اندازہ نہیں ہے، سوشل میڈیا کے دور میں کوئی چیز چھپ نہیں سکتی، آج پیشگوئی کر رہا ہوں کہ ان کو دھچکا لگنے والا ہے، پی ٹی آئی کے امیدواروں کو انتخابی مہم چلانے نہیں دی جا رہی، انہیں لوگوں کا غصہ 8 فروری کو نظر آئے گا۔

یہ بھی پڑھیں: دورانِ عدت نکاح کیس: بشریٰ بی بی نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا

بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ کیا کبھی انہوں نے کسی اور پارٹی کے ساتھ وہ کیا جو ہمارے ساتھ ہوا ہے؟، پارٹی اس وجہ سے کریش نہیں ہوئی کیونکہ عوام ساتھ کھڑی ہے، یہ عوام کو بھیڑ بکریاں سمجھتے ہیں، پاکستانی قوم انسان ہے، بھیڑ بکری نہیں، یہ جو ہمارے لوٹے تھے، آپ ان کا 8 فروری کو حال دیکھنا، پی ٹی آئی کے 850 ٹکٹ تھے، مشاورت کے لیے رجسٹر بھی جیل نہیں آنے دیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ بلاول کے ساتھ انتخابی اتحاد نہیں ہو سکتا، نواز شریف نے جانبدار امپائرز کے بغیر کبھی میچ نہیں کھیلا، نواز شریف نے ابھی بھی 2 امپائر کھڑے کیے ہوئے ہیں، ایک امپائر نے نو بال دے دی ہے، دوسرے امپائر کا نام آپ نہیں چلا سکتے۔

Catch all the Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔