انتخابات 2024: الیکشن کمیشن کا سیکیورٹی اہلکاروں کیلئے ضابطہ اخلاق جاری

اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے عام انتخابات 2024 میں سیکیورٹی اہلکاروں کیلئے ضابطہ اخلاق جاری کردیے۔
الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ پاک فوج اور سول آرمڈ فورسز کیلئے الگ ضابطہ اخلاق جاری ہوگا، سیکیورٹی پر مامور اہلکار انتخابات کے پر امن انعقاد میں معاونت کریں گے، تمام پولنگ اسٹیشنز کے باہر سیکیورٹی اہلکار تعینات کیے جائیں گے، بیلٹ پیپرز چھپائی کے دوران پرنٹنگ کارپوریشنز کی سیکیورٹی پر اہلکار تعینات ہوں گے، بیلٹ پیپرز کی ریٹرننگ افسران تک ترسیل پر بھی سیکیورٹی اہلکار تعینات ہوں گے۔
الیکشن کمیشن نے کہا کہ پولنگ اسٹیشنز تک بیلٹ پیپرز کی ترسیل بھی سیکیورٹی کی نگرانی میں ہوگی، سیکیورٹی اہلکار انتخابی عمل کے دوران غیر جانبدار رہیں گے، سیکیورٹی اہلکار کسی جماعت یا امیدوار کے حق یا مخالفت میں کام نہیں کرے گا، سیکیورٹی اہلکار کسی ووٹر سے اس کی شناخت کا ثبوت نہیں مانگے گا۔
یہ بھی پڑھیں: الیکشن کمیشن کا مرکزی سیکریٹریٹ صحافیوں کیلئے نو گو ایریا بن گیا
ضابطہ اخلاق کے مطابق کسی ووٹر کے پولنگ اسٹیشن میں داخلے کے حق کو سلب نہیں کیا جا سکتا، سیکیورٹی اہلکار کسی صورت پولنگ عملہ کے فرائض انجام نہیں دے سکتا، کوئی سیکیورٹی اہلکار انتخابی مواد کو اپنی تحویل میں نہیں لے سکتا، پریزائیڈنگ افسر کی ہدایت کے بغیر اہلکار کسی شخص کو پولنگ اسٹیشن سے گرفتار نہیں کر سکتا۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ ضابطہ اخلاق میں کہا گیا ہے کہ اہلکار کسی بھی واقعہ پر پریزائیڈنگ افسر کی ہدایت کے بغیر کارروائی نہیں کر سکتا، سیکیورٹی اہلکار کسی امیدوار، پولنگ ایجنٹ، مبصر یا میڈیا سے بحث نہیں کرے گا۔
Catch all the Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












