امریکی سیاست میں بڑی تبدیلی، اسرائیل کی غیر مشروط حمایت کا خاتمہ

امریکی کانگریس میں اسرائیل کی غیر مشروط فوجی حمایت کے حوالے سے دہائیوں پر محیط اتفاق رائے ٹوٹتا ہوا دکھائی دے رہا ہے۔ ڈیموکریٹک پارٹی کے اہم رہنماؤں اور قانون سازوں نے فوجی امداد کی بندش کا مطالبہ کر دیا ہے۔
امریکی ایوان نمائندگان اور سینیٹ میں اسرائیل کے لیے فوجی امداد کے معاملے پر ڈیموکریٹک پارٹی کے اندر ایک گہری خلیج پیدا ہو گئی ہے۔
امریکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق وہ پوزیشنز جو ماضی میں سیاسی طور پر غیر اہم سمجھی جاتی تھیں، اب ڈیموکریٹک پارٹی کے مرکزی دھارے کا حصہ بن چکی ہیں۔ امریکی سیاست دان اب اسرائیل کی غیر مشروط فوجی حمایت کے لیئے مزید تیار نظر نہیں آرہے ہیں۔
متعدد سینئر قانون سازوں نے اعلان کیا ہے کہ وہ اب اسرائیل کو فضائی دفاعی نظام آئرن ڈوم سمیت کسی بھی قسم کی فوجی امداد دینے کے حق میں نہیں ہیں۔
میساچوسٹس سے تعلق رکھنے والے رکن کانگریس جم میک گورن کا کہنا ہے کہ اگرچہ انہوں نے ماضی میں آئرن ڈوم کی فنڈنگ کی حمایت کی تھی، لیکن اب وہ اسرائیل کو مزید فوجی امداد دینے کی تائید نہیں کر سکتے۔
یہ بھی پڑھیں : اسرائیلی جیلوں میں فلسطینی قیدیوں پر جنسی تشدد اور تذلیل، عالمی اداروں کی لرزہ خیز رپورٹ جاری
اسی طرح کیلیفورنیا کے جیرڈ ہف مین اور وسکونسن کے مارک پوکن نے بھی سخت مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل کے پاس اپنی جنگیں لڑنے کے لیے کافی پیسہ ہے اور اسے اب امریکی ٹیکس گزاروں کے پیسوں کی ضرورت نہیں ہے۔ یہ تبدیلی اس لحاظ سے تاریخی ہے کہ انہی رہنماؤں نے 2021 میں اسرائیل کی فوجی امداد کے حق میں ووٹ دیا تھا۔
پارٹی کے اندر اس بڑی تبدیلی کی ایک بڑی وجہ الیگزینڈریا اوکاسیو کورٹیز جیسے ترقی پسند رہنماؤں کا بڑھتا ہوا اثر و رسوخ ہے۔
اوکاسیو کورٹیز نے میونخ سیکیورٹی کانفرنس کے دوران اسرائیل پر غزہ میں نسل کشی کا الزام عائد کیا اور تمام فوجی امداد روکنے کا مطالبہ کر دیا۔
سیاسی تجزیہ نگاروں کا کہنا ہے کہ امریکی رائے عامہ میں بھی واضح تبدیلی آئی ہے، حالیہ سروے کے مطابق 67 فیصد ڈیموکریٹس فلسطینیوں کے ساتھ ہمدردی رکھتے ہیں جبکہ صرف 13 فیصد اسرائیل کو مثبت نظر سے دیکھتے ہیں۔
یہ صورتحال 2028 کے صدارتی انتخابات پر بھی اثر انداز ہو سکتی ہے، جہاں ممکنہ امیدوار ابھی سے اسرائیل پر سخت تنقید کر رہے ہیں۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












