پیر، 20-اپریل،2026
پیر 1447/11/03هـ (20-04-2026م)

متحدہ عرب امارات کو معاشی دباؤ کا خدشہ، واشنگٹن سے مالی مدد پر ابتدائی رابطے

20 اپریل, 2026 10:10

ابوظہبی: ایران کے ساتھ جاری کشیدگی اور خطے میں بڑھتے ہوئے جنگی حالات کے باعث متحدہ عرب امارات نے ممکنہ معاشی دباؤ سے نمٹنے کے لیے امریکہ کے ساتھ ابتدائی مالی بات چیت شروع کر دی ہے۔

امریکی حکام کے مطابق امارات نے یہ رابطے اس خدشے کے تحت کیے ہیں کہ اگر ایران کے ساتھ تنازع مزید شدت اختیار کرتا ہے تو ملک کو مالی دباؤ اور نقدی کے مسائل کا سامنا ہو سکتا ہے۔


رپورٹ کے مطابق وال اسٹریٹ جرنل نے انکشاف کیا ہے کہ متحدہ عرب امارات کے مرکزی بینک کے گورنر خالد محمد بلامہ نے گزشتہ ہفتے واشنگٹن میں امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ اور دیگر مالیاتی حکام سے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں کرنسی سویپ لائن کے امکان پر گفتگو کی گئی۔

کرنسی سویپ لائن ایک ایسی مالی سہولت ہوتی ہے جس کے ذریعے کسی ملک کو عارضی طور پر اپنی کرنسی کے بدلے امریکی ڈالر حاصل کرنے کی اجازت دی جاتی ہے تاکہ ہنگامی حالات میں مالی دباؤ کم کیا جا سکے۔

اماراتی حکام نے واضح کیا کہ اب تک ملک جنگ کے شدید معاشی اثرات سے بڑی حد تک محفوظ رہا ہے، تاہم اگر حالات مزید خراب ہوئے تو مالی مدد کی ضرورت پڑ سکتی ہے۔ حکام کے مطابق ابھی تک کوئی باضابطہ درخواست جمع نہیں کروائی گئی۔


یہ جنگ 28 فروری کو امریکہ اور اسرائیل کی ایران کے خلاف فوجی کارروائی کے بعد مزید شدت اختیار کر گئی، جس کے اثرات خلیجی ممالک پر بھی پڑ رہے ہیں۔ خاص طور پر آبنائے ہرمز کے ذریعے تیل کی ترسیل متاثر ہونے سے توانائی کی عالمی تجارت پر دباؤ بڑھا ہے۔

امارات کی وزیر مملکت برائے بین الاقوامی تعاون ریم الہاشمی نے بتایا کہ تنازع کے آغاز سے اب تک ملک پر 2800 سے زائد میزائل اور ڈرون حملے ہو چکے ہیں، جس سے سیکیورٹی اور معیشت دونوں متاثر ہوئی ہیں۔

ماہرین کے مطابق اگرچہ یو اے ای کے مالی ذخائر اب بھی مضبوط ہیں اور ابوظہبی انویسٹمنٹ اتھارٹی جیسے بڑے فنڈز موجود ہیں، لیکن قلیل مدتی خطرات جیسے سرمایہ کا انخلا، شپنگ اخراجات میں اضافہ اور تجارتی رکاوٹیں تشویش کا باعث بن رہی ہیں۔

یاد رہے کہ مئی 2025 میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خلیجی دورے کے دوران یو اے ای نے 200 ارب ڈالر کے نئے معاہدوں اور 1.4 کھرب ڈالر کی طویل مدتی سرمایہ کاری کے عزم کا اعلان بھی کیا تھا۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔