اسرائیل کے انتہاپسند وزیر کی گاڑی نے 16 سالہ فلسطینی لڑکے کو کچل دیا

مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی وزیر کے حفاظتی قافلے میں شامل گاڑی نے 16 سالہ فلسطینی نوجوان کو کچل کر شہید کر دیا۔
مقبوضہ مغربی کنارے کے علاقے الخلیل میں ایک اسرائیلی کابینہ کے وزیر کے حفاظتی دستے میں شامل گاڑی نے الیکٹرک سائیکل سوار 16 سالہ فلسطینی نوجوان کو ٹکر مار کر شہید کر دیا۔
فلسطینی میڈیا نے مقتول کی شناخت محمد مجدی الجعبری کے نام سے کی ہے، جو موقع پر ہی دم توڑ گیا۔ رپورٹس کے مطابق یہ گاڑی وزیر برائے قومی سلامتی، اتمار بین گویر کے حفاظتی قافلے کا حصہ تھی۔
اتمار بین گویر کے دفتر نے اس واقعے پر فوری ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ گاڑی وزیر کی نہیں تھی اور نہ ہی وہ جائے وقوعہ پر موجود تھے۔
یہ بھی پڑھیں : اسرائیلی جیلوں میں فلسطینی قیدیوں پر کتے چھوڑنے کے ہولناک انکشافات
بین گویر کے دفتر نے الٹا فلسطینی نوجوان پر الزام عائد کیا کہ اس نے ریڈ سگنل کی خلاف ورزی کرتے ہوئے سڑک پار کرنے کی کوشش کی۔
واضح رہے کہ اتمار بین گویر انتہاپسند ہیں، وہ فلسطینیوں خلاف اکثر شدید نفرت کا اظہار کرتے ہیں اور ان کی وزارت ہی پولیس کے نظام کو کنٹرول کرتی ہے، لیکن ان کا اپنا ٹریفک ریکارڈ انتہائی داغدار رہا ہے۔
ان پر ٹریفک قوانین کی 80 کے قریب خلاف ورزیوں کا ریکارڈ موجود ہے، جس میں گاڑی چلاتے ہوئے فون کا استعمال، سیٹ بیلٹ نہ باندھنا اور تیز رفتاری شامل ہے۔ گزشتہ سال بھی بین گویر کی گاڑی ریڈ سگنل توڑنے کی وجہ سے الٹ گئی تھی، جس میں وہ زخمی ہوئے تھے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اسرائیلی وزراء کے حفاظتی قافلے اکثر فلسطینی علاقوں میں انتہائی جارحانہ انداز میں گاڑیاں چلاتے ہیں، جس کی وجہ سے اس طرح کے جان لیوا حادثات معمول بنتے جا رہے ہیں اور فلسطینیوں کو انصاف ملنا ناممکن نظر آتا ہے۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











