بدھ، 22-اپریل،2026
بدھ 1447/11/05هـ (22-04-2026م)

امریکی ایٹمی چیف نے اجنبی خاتون کے سامنے ایران جنگ سے متعلق حساس معلومات افشا کردیں

22 اپریل, 2026 14:01

امریکہ کے کیمیائی اور ایٹمی تحفظ کے چیف اینڈریو ہگ کو ایک ریستوران میں ایک اجنبی خاتون کے سامنے قومی سلامتی کے انتہائی حساس راز افشا کرنے پر پینٹاگون سے نکال کر تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

امریکی محکمہ دفاع میں اس وقت شدید ہیجان کی کیفیت پیدا ہو گئی، جب امریکہ کے کیمیائی اور ایٹمی تحفظ کے چیف (چیف آف کیمیکل نیوکلیئر سیورٹی) اینڈریو ہگ کی ایک خفیہ ویڈیو منظر عام پر آئی۔

اس ویڈیو میں اینڈریو ہگ کو ایک عوامی ریستوران میں ایک نامعلوم خاتون، جو دراصل ایک زیرِ زمین تحقیقاتی صحافی تھی، کے سامنے قومی سلامتی کے انتہائی حساس معاملات پر گفتگو کرتے ہوئے دیکھا گیا۔

اینڈریو ہگ، جن کے ذمے امریکہ کے ایٹمی اور کیمیائی ہتھیاروں کی حفاظت کی اہم ترین ذمہ داری تھی، نے انتہائی غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اعتراف کیا کہ امریکہ کے پاس اب بھی خطرناک اعصابی گیس (نرو ایجنٹ) موجود ہے اور حال ہی میں امریکی فوج کا ایک کیمسٹ اس گیس کے اثر کی وجہ سے ہلاک ہو چکا ہے۔

خفیہ کیمرے کی فوٹیج میں اینڈریو ہگ کو خاتون کی خوبصورتی کی تعریفیں کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے، جہاں انہوں نے باتوں باتوں میں یہ بھی تسلیم کیا کہ ایران میں ہونے والے امریکی فضائی حملوں میں بچے بھی ہلاک ہوئے، جسے انہوں نے جنگ کا ضمنی نقصان (collateral damage) قرار دیا۔

یہ بھی پڑھیں : امریکی فوج کے سربراہ نے صدر ٹرمپ کو جوہری کوڈز دینے سے انکار کردیا، سابق سی آئی اے افسر

سب سے زیادہ حیران کن انکشاف ایران کے ممکنہ نئے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای کے حوالے سے تھا، جس کے بارے میں ہگ نے کہا کہ اگر انہوں نے اپنا رویہ تبدیل نہ کیا تو امریکہ انہیں قتل کر سکتا ہے۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ امریکہ کا کسی پر ایٹمی حملہ کرنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے، تاہم انہوں نے ایٹمی حملے کے فیصلے کے طریقہ کار اور اس کے حقیقی وقت میں ہونے والے عمل کی تفصیلات بھی ایک اجنبی کو فراہم کر دیں۔

اس واقعے کے منظر عام پر آنے کے امریکی فوج نے فوری کارروائی کی ہے۔ اطلاعات کے مطابق اینڈریو ہگ کو پینٹاگون سے باقاعدہ محافظوں کی نگرانی میں باہر نکال دیا گیا ہے اور انہیں جبری رخصت پر بھیج کر ان کے خلاف سنگین تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

امریکی حکام اسے سیکیورٹی کی تاریخ کی ایک بڑی خلاف ورزی قرار دے رہے ہیں، جہاں ایک اعلیٰ سطح کا افسر محض ایک اجنبی کے سامنے ملک کے سب سے بڑے راز اگل رہا تھا۔

پینٹاگون کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اس معاملے کو ملکی سالمیت کے خلاف ورزی کے طور پر دیکھا جا رہا ہے اور ذمہ دار کے خلاف سخت ترین قانونی کارروائی کی جائے گی۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔