سعودی عرب نے ایران سے براہ راست جنگ کی اسرائیلی سازش ناکام بنا دی، سابق انٹیلی جنس چیف

شہزادہ ترکی الفیصل کا کہنا ہے کہ ریاض نے اسرائیل کی اس سازش کو ناکام بنا دیا ہے، جس کا مقصد سعودی عرب کو ایران کے ساتھ براہ راست جنگ میں دھکیلنا تھا۔
سعودی عرب کے سابق انٹیلی جنس چیف شہزادہ ترکی الفیصل نے ایک معاصر اخبار میں لکھے گئے اپنے تازہ ترین مضمون میں انکشاف کیا ہے کہ اسرائیل نے سعودی عرب کو ایران کے ساتھ جنگ میں الجھانے کے لیے کئی جال بچھائے تھے، جنہیں ریاض نے ناکام بنا دیا۔
شہزادہ ترکی الفیصل کے مطابق ایران کی جانب سے امریکی فوجی اڈوں پر کئے گئے حملوں کے بعد اسرائیل چاہتا تھا کہ سعودی عرب بھی جوابی کارروائی کرے تاکہ ایران اور سعودی عرب کے درمیان ایک لامتناہی جنگ شروع ہو جائے، جس کے نتیجے میں سعودی تیل کی تنصیبات اور پانی صاف کرنے والے پلانٹس کو نشانہ بنایا جاتا۔
مضمون میں کہا گیا ہے کہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے امریکہ اور اسرائیل کی ایران کے ساتھ جاری جنگ کو برادر خلیجی ممالک کے درمیان دراڑ ڈالنے کا موقع نہیں دیا، بلکہ انہوں نے تحمل کا مظاہرہ کیا۔
یہ بھی پڑھیں : ایران کے ساتھ جاری جنگ کے خاتمے کا فیصلہ میں کروں گا، اسرائیلی وزیر اعظم
شہزادہ ترکی الفیصل کا کہنا ہے کہ اگر اسرائیل کا یہ منصوبہ کامیاب ہو جاتا تو خطہ کھنڈرات میں تبدیل ہو جاتا اور ہزاروں نوجوان اس جنگ کی بھینٹ چڑھ جاتے، جس میں ہمارا کوئی مفاد نہیں تھا۔
انہوں نے مزید لکھا کہ اسرائیل اس سازش کے ذریعے پورے خطے پر اپنی مرضی مسلط کرنا چاہتا تھا تاکہ وہ واحد طاقتور کھلاڑی کے طور پر باقی رہے۔
اب سعودی عرب، پاکستان کے ساتھ مل کر خطے میں کشیدگی کو مزید بڑھنے سے روکنے کے لیے اپنا بھرپور سفارتی کردار ادا کر رہا ہے۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










