جمعرات، 14-مئی،2026
جمعرات 1447/11/27هـ (14-05-2026م)

غزہ میں اسرائیلی درندگی، ایک شہید، حاملہ خاتون اور بچوں سمیت کئی زخمی

14 مئی, 2026 10:54

غزہ میں نام نہاد جنگ بندی کے باوجود اسرائیلی فوج کی جارحیت جاری ہے، جس کے نتیجے میں ایک فلسطینی شہید اور بچوں و حاملہ خواتین سمیت 14 افراد زخمی ہو گئے ہیں۔

غزہ کی پٹی میں اسرائیل کی جانب سے جنگ بندی کے معاہدے کی مسلسل خلاف ورزیاں انسانی حقوق کے سنگین بحران کو جنم دے رہی ہیں۔

اسرائیلی فوج کی فائرنگ اور ڈرون حملوں میں ایک فلسطینی نوجوان ابراہیم عونی الناجی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہو گیا، جبکہ دیگر 14 شہری شدید زخمی ہوئے۔

مقامی ذرائع کے مطابق، غزہ شہر کے جنوبی محلے الصبرہ میں ایک اسرائیلی ڈرون نے دھماکہ خیز مواد گرایا، جس سے ایک کم سن بچی زخمی ہو گئی۔

اسی طرح جبالیہ پناہ گزین کیمپ اور نصیرات کے علاقوں میں بھی اسرائیلی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ اور بمباری سے متعدد فلسطینی زخمی ہوئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : لبنان پر اسرائیلی حملے، 6 معصوم بچوں سمیت 15 شہری شہید

ایک انتہائی تشویشناک واقعے میں طبی تنظیم ڈاکٹرز ود آؤٹ بارڈرز نے اطلاع دی ہے کہ شمالی غزہ کے علاقے بیت لاہیا میں اسرائیلی ٹینکوں نے الطیب کلینک کے قریب دو گولے داغے، جس کے نتیجے میں وہاں موجود عملے اور مریضوں میں بھگدڑ مچ گئی۔

اس حملے میں 12 شہری زخمی ہوئے، جن میں ایک معصوم بچہ اور ایک حاملہ خاتون بھی شامل ہے۔ تنظیم کے مطابق یہ حملہ اس وقت کیا گیا، جب طبی ٹیمیں زخمیوں کو امداد فراہم کرنے میں مصروف تھیں۔

فلسطینی وزارتِ صحت کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق، 10 اکتوبر 2025 کو ہونے والے جنگ بندی کے معاہدے کے بعد سے اب تک اسرائیل 856 فلسطینیوں کو شہید کر چکا ہے، جبکہ 2 ہزار 463 سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں۔

7 اکتوبر 2023 سے شروع ہونے والی اس بربریت میں اب تک مجموعی طور پر 72 ہزار 740 فلسطینی جامِ شہادت نوش کر چکے ہیں اور زخمیوں کی تعداد 1 لاکھ 72 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔