پاکستان کی ثالثی ناکام نہیں ہوئی، آبنائے ہرمز دوستوں کیلئے مکمل کھلا ہے، ایرانی وزیر خارجہ

ایرانی وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ امریکہ کی جانب سے آنے والے متضاد پیغامات نے مذاکرات کے عمل کو پیچیدہ بنا دیا ہے۔ انہوں نے آبنائے ہرمز، عالمی سلامتی کونسل میں اصلاحات اور خطے کی صورتحال پر ایران کا دو ٹوک موقف پیش کرتے ہوئے امریکہ کو جنگ میں ناکام قرار دیا ہے۔
ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی میں پریس کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ واشنگٹن کی جانب سے موصول ہونے والے متضاد پیغامات سفارتی مذاکرات کی راہ میں بڑی رکاوٹ ہیں اور اس سے معاملات مزید پیچیدگی کا شکار ہو رہے ہیں۔
عباس عراقچی کا کہنا تھا کہ تہران نے کبھی جنگ کا آغاز نہیں کیا بلکہ وہ صرف اپنا دفاع کر رہا ہے، تاہم امریکہ چالیس روزہ جنگ کے دوران اپنے کوئی بھی اہداف حاصل کرنے میں بری طرح ناکام رہا ہے اور اب بے بسی کی حالت میں مذاکرات کی پیشکش کر رہا ہے۔
آبنائے ہرمز کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ایرانی وزیر خارجہ نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ اس اہم سمندری گزرگاہ میں پیدا ہونے والی رکاوٹوں کا ذمہ دار ایران نہیں ہے، تاہم تہران نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ یہ راستہ صرف دوست ممالک کے جہازوں کے لیے کھلا رہے گا جبکہ ایران کے دشمنوں کے لیے اسے بند کر دیا گیا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ایران اور عمان ایک مشترکہ نظام کے تحت آبنائے ہرمز کے معاملات کو سنبھالیں گے۔
سلامتی کونسل پر تنقید کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ یہ ادارہ عالمی سطح پر عدم مساوات کی علامت بن چکا ہے اور اس کا موجودہ نظام انصاف عالمی حکمرانی کی درست عکاسی نہیں کرتا، اس لیے اس میں فوری اور جامع اصلاحات کی ضرورت ہے۔
عباس عراقچی نے امریکہ پر عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مذاکرات کے دوران بھی امریکہ نے ایران پر حملے کیے، اس لیے ان پر بھروسہ کرنا مشکل ہے، البتہ اگر امریکہ سنجیدگی دکھائے تو ایران مذاکرات کے لیے تیار ہے۔
بھارت کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ نئی دہلی کو فیصلہ کرنا ہوگا کہ وہ ایران کے ساتھ کس قسم کے تعلقات رکھنا چاہتا ہے۔ پاکستان کی ثالثی کی کوششوں کے بارے میں پوچھے گئے سوال پر انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کا ثالثی مشن ناکام نہیں ہوا اور ایران تمام مثبت سفارتی کوششوں کا خیر مقدم کرتا ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ ایران نے اب تک احترام کی زبان استعمال کی ہے اور وہ خطے میں جنگ بندی برقرار رکھنے کی ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












