ایران 20 سال کیلئے جوہری پروگرام معطل کرے تو ہم ڈیل کیلئے تیار ہیں، امریکی صدر

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے ساتھ ممکنہ ڈیل کے حوالے سے واضح موقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ اگر ایران 20 سال کے لیے اپنا جوہری پروگرام معطل کرے تو امریکہ معاہدے کے لیے تیار ہے۔
ٹرمپ نے بتایا کہ آبنائے ہرمز کے ذریعے ایران یومیہ 500 ملین ڈالر کا کاروبار کرتا تھا، امریکی ناکہ بندی نے یہ تجارت روک دی ہے۔ ایران سے تیل خریدنے والی چینی کمپنیوں پر پابندیاں ہٹانے کا فیصلہ بھی جلد متوقع ہے۔
چین کے حوالے سے ٹرمپ نے بتایا کہ صدر شی جن پنگ کے ساتھ کئی اہم معاملات پر اتفاق ہوا ہے۔ چینی صدر نے یہ یقین دہانی بھی کروائی کہ وہ ایران کے ایٹمی ہتھیار رکھنے کی مخالفت کرتے ہیں۔ اس کے علاوہ چین اربوں ڈالر کے سویا بین خریدے گا، جو امریکی زرعی برآمدات کے لیے اہم پیشرفت ہے۔
پاکستان کے حوالے سے ٹرمپ نے ایک بار پھر وزیراعظم اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی تعریف کی اور کہا کہ جنگ بندی کا فیصلہ دوسرے ممالک کی درخواست پر کیا گیا، پاکستانی وزیراعظم اور فیلڈ مارشل نے اس میں زبردست کوششیں کیں۔ عالمی سطح پر امریکی صدر کی جانب سے بار بار یہ تعریف پاکستان کے بڑھتے ہوئے سفارتی وزن کا واضح اشارہ ہے۔
تائیوان کے معاملے پر ٹرمپ نے کہا کہ ہتھیاروں کی منظوری کا ابھی کوئی فیصلہ نہیں ہوا — منظوری بھی ہو سکتی ہے اور نہیں بھی۔
تاہم انہوں نے واضح کیا کہ انہیں نہیں لگتا کہ تائیوان کے معاملے پر کوئی جنگ ہوگی۔
برطانوی وزیراعظم کیئر اسٹارمر کے بارے میں ٹرمپ نے کہا کہ ان کا سیاسی مستقبل خطرے میں ہے اور انہیں مشکل فیصلے کرنے ہوں گے۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










