امریکہ کے اسلامی مرکز پر فائرنگ، تین افراد جاں بحق، دونوں حملہ آور بھی ہلاک

سان ڈیاگو کے ایک اسلامی مرکز اور مسجد کے احاطے میں اسلامو فوبیا اور نفرت انگیز جرم کے نتیجے میں فائرنگ سے سیکیورٹی گارڈ سمیت تین افراد جاں بحق ہو گئے، دونوں حملہ آوروں نے خود کو بھی گولی مار کر ہلاک کر لیا۔
امریکہ کی ریاست کیلیفورنیا کے شہر سان ڈیاگو کے علاقے کلیئرمونٹ میں واقع ایک مسجد اور اسلامی اسکول پر مشتمل کمپلیکس میں فائرنگ کا ہولناک واقعہ پیش آیا ہے، جسے پولیس کی جانب سے بظاہر نفرت انگیز جرم قرار دیا جا رہا ہے۔
پولیس چیف اسکاٹ واہل نے میڈیا کو بتایا کہ اسلامی مرکز کے احاطے میں فائرنگ کے نتیجے میں تین بالغ افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔ واقعے میں ملوث دو حملہ آور، جن کی عمریں بالترتیب سترہ اور انیس سال بتائی جا رہی ہیں، موقع پر مردہ پائے گئے اور انہوں نے بظاہر خود کو گولی مار کر خودکشی کی۔
پولیس چیف کا کہنا تھا کہ چونکہ یہ واقعہ ایک اسلامی مرکز پر پیش آیا ہے، اس لیے جب تک تحقیقات میں کچھ اور ثابت نہیں ہو جاتا، ہم اسے نفرت انگیز جرم کے طور پر ہی دیکھ رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : پاکستان کی ثالثی سے ایران اور امریکہ کا مذاکراتی عمل مسلسل آگے بڑھ رہا ہے، اسماعیل بقائی
انہوں نے بتایا کہ جاں بحق ہونے والوں میں اسلامی مرکز کا ایک سیکیورٹی گارڈ بھی شامل ہے، جس نے حملہ آوروں کو روکنے میں انتہائی اہم کردار ادا کیا اور اپنی جان پر کھیل کر واقعے کو مزید ہولناک تباہی کی طرف بڑھنے سے روک دیا۔
حکام کے مطابق اسکول میں موجود تمام بچے جسمانی طور پر بالکل محفوظ رہے ہیں اور تفتیشی ادارے اس بات کا پتہ لگانے کی کوشش کر رہے ہیں کہ اس واقعے کے پیچھے اصل محرکات کیا تھے۔
مسجد کے امام طہٰ حسان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا اسلامی مرکز ایک ایسی جگہ ہے، جہاں غیر مسلم بھی عبادت، سیکھنے اور تقریبات کے لیے جمع ہوتے ہیں، اس لیے عبادت گاہ کو نشانہ بنانا انتہائی شرمناک اور افسوسناک ہے۔
سان ڈیاگو کے میئر ٹوڈ گلوریا نے کہا کہ شہر میں نفرت کی کوئی جگہ نہیں ہے اور وہ مسلم کمیونٹی کو یقین دلاتے ہیں کہ مذہبی اداروں کے تحفظ کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










