جمعہ، 22-مئی،2026
جمعہ 1447/12/05هـ (22-05-2026م)

ایران جنگ میں 42 امریکی طیارے اور ڈرونز تباہ ہوئے، امریکی رپورٹ میں اعتراف

20 مئی, 2026 09:24

امریکی رپورٹ میں اعتراف کیا گیا ہے کہ ایران کے خلاف جنگ کے دوران امریکہ کے 42 جدید ترین طیارے اور ڈرونز تباہ یا متاثر ہوئے، جس پر ایرانی وزیر خارجہ نے فضائی دفاع کی کامیابی قرار دیا ہے۔

امریکی پارلیمنٹ کے تحقیقی ادارے کانگریشنل ریسرچ سروس کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ میں پہلی بار باقاعدہ طور پر اعتراف کیا گیا ہے کہ ایران کے خلاف حالیہ جنگ کے دوران امریکی فضائیہ کو غیر معمولی اور بھاری نقصان اٹھانا پڑا ہے۔

رپورٹ کے مطابق جنگ کے دوران امریکی فوج کے کل 42 جدید ترین طیارے، لڑاکا جیٹس، ایندھن بھرنے والے ٹینکرز، جاسوس ڈرونز اور جنگی ہیلی کاپٹرز یا تو مکمل طور پر تباہ ہو گئے یا پھر انہیں شدید نقصان پہنچا۔

رپورٹ کی تفصیلات کے مطابق تباہ ہونے والے طیاروں میں چار ایف پندرہ ای اسٹرائیک ایگل لڑاکا طیارے شامل ہیں، جو مکمل تباہ ہوئے، جبکہ امریکہ کا سب سے جدید اور مہنگا ترین اسٹیلتھ جنگی طیارہ ایف پینتیس اے بھی ایرانی زمینی دفاعی فائرنگ کی زد میں آ کر شدید متاثر ہوا۔

اس کے علاوہ ایک اے دس حملہ آور طیارہ مکمل طور پر ملبے کا ڈھیر بن گیا، جبکہ فضا میں ایندھن بھرنے والے سات کے سی ایک سو پینتیس اسٹریٹو ٹینکر طیاروں میں سے دو تباہ اور پانچ شدید زخمی حالت میں واپس لوٹے۔

فضائی نگرانی اور جاسوسی کے نظام کو پہنچنے والے نقصان کا ذکر کرتے ہوئے بتایا گیا کہ ایک ای تھری سینٹری اوواکس نگرانی کا طیارہ بھی اس تصادم کے دوران شدید متاثر ہوا۔

رپورٹ کے مطابق امریکی فضائی صلاحیت کو سب سے بڑا اور ہولناک نقصان ڈرونز کی مد میں اٹھانا پڑا، جہاں کل نقصان کا نصف سے زائد حصہ ڈرونز پر مشتمل تھا۔

یہ بھی پڑھیں : ایران کا منجمد اثاثوں کی بحالی اور امریکی افواج کے انخلا کا مطالبہ، جنگی معاوضہ بھی مانگ لیا

امریکہ کے چوبیس ایم کیو نائن ریپر ڈرونز اس جنگ کے دوران مار گرائے گئے، جبکہ ایک انتہائی جدید ایم کیو فور سی ٹرائٹن ڈرون اور خصوصی آپریشنز میں استعمال ہونے والے دو ایم سی ایک سو جے طیارے بھی مکمل طور پر تباہ ہو گئے۔

اس کے علاوہ امریکی فوج کا ایک ایچ ایچ ساٹھ ڈبلیو جنگی امدادی ہیلی کاپٹر بھی چھوٹے ہتھیاروں کی فائرنگ سے متاثر ہوا۔

ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں لکھا کہ امریکی کانگریس نے خود مہینوں کی جنگ کے بعد ایران کے خلاف اربوں ڈالر مالیت کے درجنوں طیارے کھونے کا اعتراف کر لیا ہے۔

انہوں نے فخر سے دعویٰ کیا کہ ہماری طاقتور مسلح افواج دنیا کی پہلی فوج بن چکی ہیں، جس نے امریکہ کے سب سے مغرور اور نام نہاد ایف پینتیس اسٹیلتھ طیارے کو مار گرایا ہے۔

عباس عراقچی نے امریکہ کو سخت انتباہ دیتے ہوئے کہا کہ ایران نے اس جنگ سے بہت سے نئے اسباق سیکھے ہیں اور اپنی دفاعی صلاحیت میں علم کا اضافہ کیا ہے، اگر امریکہ نے دوبارہ جنگ شروع کرنے کی غلطی کی تو اس بار اس کے لیے اس سے بھی زیادہ خطرناک اور بڑے سرپرائزز تیار رکھے گئے ہیں۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔