پاکستان کو عالمی سطح پر تنہا کرنے کیلئے مودی کی 10 سالہ مہم ناکام

Modi’s isolation campaign against Pakistan fails
عرب میڈیا رپورٹ کے مطابق پاکستان کوعالمی سطح پرتنہا کرنے کی بھارتی وزیراعظم کی 10 سالہ مہم ناکام ہو گئی۔
الجزیرہ کی حالیہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بھارت کی جانب سے پاکستان کو عالمی سطح پر تنہا کرنے کی 10 سالہ کوششیں ناکام ثابت ہوئی ہیں۔ 2016 میں نریندر مودی حکومت نے پاکستان کو سفارتی طور پر محدود کرنے کی حکمت عملی اپنائی تھی، تاہم وقت کے ساتھ یہ منصوبہ اپنے مطلوبہ نتائج حاصل نہ کر سکا۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اس کے برعکس پاکستان آج دنیا کے اہم طاقتور مراکز واشنگٹن، بیجنگ، تہران اور ریاض کے ساتھ بیک وقت سفارتی روابط قائم رکھے ہوئے ہے۔ پاکستان کو اب خطے میں ایک اہم اور بااثر فریق کے طور پر دیکھا جا رہا ہے جو علاقائی معاملات میں نمایاں کردار ادا کر رہا ہے۔
الجزیرہ کے مطابق پاکستان کو عالمی سطح پر تنہا کرنے کی بھارتی پالیسی الٹا بھارت کے لیے سفارتی نقصان کا باعث بنی۔ عالمی برادری نے کئی مواقع پر بھارت کے مؤقف کو بغیر ثبوت مکمل طور پر تسلیم نہیں کیا، جس سے نئی دہلی کی سفارتی پوزیشن پر سوالات اٹھے۔
رپورٹ میں پاک چین تعلقات کو خطے کی ایک مضبوط اور “ناقابلِ شکست شراکت داری” قرار دیا گیا ہے جبکہ پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان بہتر ہوتے تعلقات کو بھی بھارت کی علاقائی حکمت عملی کے لیے ایک دھچکا کہا گیا ہے۔ اسی طرح پاکستان اور خلیجی ممالک کے درمیان بڑھتا ہوا تعاون، خصوصاً سعودی عرب کے ساتھ دفاعی شراکت داری، خطے میں نئی صف بندیوں کا سبب بن رہا ہے۔
مزید کہا گیا ہے کہ پاکستان کی دفاعی صلاحیتوں اور سفارتی حکمت عملیوں میں عالمی سطح پر دلچسپی بڑھ رہی ہے۔ پاکستان کو اب ان ممالک میں شمار کیا جا رہا ہے جو متوازن خارجہ پالیسی کے ذریعے مختلف عالمی طاقتوں کے ساتھ تعلقات برقرار رکھے ہوئے ہیں۔
رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ پاک بھارت کشیدگی کے دوران عالمی بیانیے کی جنگ میں پاکستان کو نسبتاً برتری حاصل رہی، جبکہ کئی عالمی دارالحکومتوں نے بھارتی الزامات کو بغیر ٹھوس شواہد کے تسلیم کرنے سے گریز کیا۔
الجزیرہ نے امریکی کردار کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے متعدد بار جنگ بندی کا کریڈٹ لیا، جبکہ بھارت مسلسل اس کی تردید کرتا رہا، جس سے واشنگٹن اور نئی دہلی کے تعلقات میں بھی تناؤ دیکھا گیا۔
آخر میں رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بھارت کی داخلی پالیسیوں، خصوصاً مسلم مخالف اقدامات، نے بھی اس کی عالمی ساکھ کو متاثر کیا ہے اور اس پر عالمی سطح پر تشویش میں اضافہ ہوا ہے۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











