امریکا نے ایران کے ایک ارب ڈالر مالیت کے کرپٹو اثاثے ضبط کرلیے، امریکی وزیر خزانہ

US Seizes $1 Billion Iranian Crypto Assets
امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ نے کہا ہے کہ امریکا نے ایران سے منسلک تقریباً ایک ارب ڈالر مالیت کے کرپٹو اثاثے ضبط کر لیے ہیں، جبکہ ایران کے خلاف نئی انسدادِ دہشت گردی (کاؤنٹر ٹیررازم) پابندیاں بھی عائد کر دی گئی ہیں۔
امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ نے ریگن نیشنل اکنامک فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نئی پابندیوں کے تحت متعدد ایرانی افراد اور اداروں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ امریکا ایران پر اقتصادی دباؤ برقرار رکھے گا اور کسی بھی ممکنہ رعایت یا پابندی میں نرمی مرحلہ وار اور محتاط انداز میں کی جائے گی۔
ایک سوال کے جواب میں امریکی وزیر خزانہ نے کہا کہ ایران کے ساتھ مذاکرات کے حوالے سے کچھ پیش رفت ہوئی ہے۔ پہلی مرتبہ ایران نے جوہری پروگرام کے معاملے پر سنجیدہ بات چیت کے لیے آمادگی ظاہر کی ہے، جسے ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا سکتا ہے۔ تاہم کسی بھی معاہدے کے لیے ابھی مزید سفارتی کوششوں کی ضرورت ہے۔
اسکاٹ بیسنٹ نے آبنائے ہرمز کی صورتحال پر بھی بات کی اور کہا کہ عمان نے امریکا کو یقین دہانی کروائی ہے کہ اس اہم آبی گزرگاہ پر کسی قسم کا نیا ٹیکس عائد نہیں کیا جائے گا۔ عالمی تجارت اور توانائی کی ترسیل کے لیے آبنائے ہرمز کی کھلی اور محفوظ حیثیت انتہائی اہم ہے۔
امریکی وزیر خزانہ نے خبردار کیا کہ اگر کوئی ملک یا فریق ایران کی ایسی سرگرمیوں میں مدد فراہم کرتا ہے جو امریکی پابندیوں کی خلاف ورزی کے زمرے میں آتی ہوں، تو اس کے خلاف بھی کارروائی کی جا سکتی ہے۔ عمان سمیت کسی بھی ملک کے حوالے سے امریکی پالیسی پابندیوں کے قوانین اور بین الاقوامی ضوابط کے مطابق ہوگی۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











