ہفتہ، 13-جون،2026
ہفتہ 1447/12/27هـ (13-06-2026م)

امریکا کا ایران میں تنصیبات پر حملہ، جوابی کارروائی میں پاسدارانِ انقلاب کا امریکی فضائی اڈوں کو نشانہ بنانے کا دعویٰ

06 جون, 2026 12:20

مشرق وسطیٰ میں امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی ایک بار پھر بڑھ گئی ہے۔ دونوں ممالک کی جانب سے ایک دوسرے کے خلاف کارروائیوں کے دعوے سامنے آئے ہیں، جس کے بعد خطے کی صورتحال مزید حساس ہو گئی ہے۔

امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی طیاروں نے ایران کے علاقے گوروک اور جزیرہ قشم میں واقع ریڈار تنصیبات کو نشانہ بنایا۔ یہ کارروائی مبینہ طور پر ایران کی جانب سے داغے گئے چار ڈرونز کے جواب میں کی گئی۔

 سینٹ کام کا کہنا ہے کہ امریکی فوج نے تمام ایرانی ڈرونز کو راستے میں ہی تباہ کر دیا اور کسی قسم کا نقصان نہیں ہونے دیا۔

امریکی فوج کے مطابق ایران کی جانب سے آبنائے ہرمز اور خلیجی ممالک کی سمت متعدد بیلسٹک میزائل اور ڈرون بھی داغے گئے، تاہم ان میں سے بیشتر کو فضائی دفاعی نظام کے ذریعے ناکام بنا دیا گیا۔ کسی بھی امریکی فوجی یا تنصیب کو نقصان نہیں پہنچا۔

دوسری جانب ایرانی خبر رساں اداروں کا کہنا ہے کہ آبنائے ہرمز کے قریب موجود امریکی بحری جہازوں کی موجودگی پر وارننگ فائر کیے گئے تھے۔

ایرانی پاسداران انقلاب نے بھی امریکی کارروائی کا جواب دینے کا دعویٰ کیا ہے۔ پاسداران انقلاب کے مطابق خطے میں موجود امریکی فضائی اڈوں کو میزائل حملوں کا نشانہ بنایا گیا۔

 ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ آبنائے ہرمز سے گزرنے کی کوشش کرنے والے چار ٹینکروں پر بھی فائرنگ کی گئی کیونکہ وہ مبینہ طور پر اجازت کے بغیر گزر رہے تھے۔

پاسداران انقلاب نے خبردار کیا ہے کہ اگر امریکی کارروائیاں جاری رہیں تو ایران آبنائے ہرمز کو مکمل طور پر بند کرنے پر غور کر سکتا ہے۔ ایسی کسی بھی صورتحال کی ذمہ داری امریکا پر عائد ہوگی۔

ادھر امریکی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کی جانب سے مجموعی طور پر سات میزائل داغے گئے۔ ان میں سے چھ میزائلوں کو فضائی دفاعی نظام نے تباہ کر دیا جبکہ ساتواں میزائل اپنے ہدف تک پہنچنے میں ناکام رہا۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔