ہم کسی صورت دباؤ کے سامنے نہیں جھکیں گے، ایرانی صدر

ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا کہ ایران کسی بھی قسم کے دباؤ یا دھمکی کے سامنے سر نہیں جھکائے گا۔ ملک اپنی خودمختاری اور وقار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔ تاہم جنگ ہمیشہ جاری نہیں رہ سکتی اور کسی نہ کسی مرحلے پر اسے ختم ہونا ہے۔
ایرانی صدر نے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حالیہ مذاکرات میں طے پانے والے معاہدے کو اہم پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس معاہدے کی ایران کی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل نے متفقہ طور پر منظوری دی ہے۔ معاہدے کی کسی بھی شق سے یہ تاثر نہیں ملتا کہ ایران نے ہتھیار ڈالنے پر رضامندی ظاہر کی ہے۔
مسعود پزشکیان نے کہا کہ ایران امن کا مخالف نہیں ہے۔ تہران جنگ کے خاتمے اور امن کی خواہش رکھتا ہے، لیکن موجودہ حالات میں محتاط رہنا بھی ضروری ہے۔ ماضی کے تجربات کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا اور کسی بھی ممکنہ دھوکے سے بچنے کے لیے مکمل طور پر چوکس رہنا ہوگا۔
ایرانی صدر نے اپنے خطاب میں سخت مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ ایران پر کسی قسم کا دباؤ قبول نہیں کیا جائے گا۔ ملک آخری دم تک اپنے مؤقف پر قائم رہے گا اور کسی بھی حملے یا خطرے کا جواب دینے کے لیے تیار ہے۔
پزشکیان نے جنگ کے اثرات پر بات کرتے ہوئے کہا کہ لڑائی اور بحری ناکہ بندی نے ایران کے معاشی حالات کو متاثر کیا ہے۔ مہنگائی میں اضافہ ہوا ہے اور عام لوگوں کو بھی اس صورتحال کے اثرات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں عوام اور حکومت کو جنگ کے نتیجے میں پیدا ہونے والی معاشی مشکلات کے لیے تیار رہنا ہوگا۔ مہنگائی اور دیگر مسائل کو نظر انداز کرنے کے بجائے ان کا سامنا کرنا ضروری ہے۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











