بدھ، 10-جون،2026
بدھ 1447/12/24هـ (10-06-2026م)

ایران نے امریکی اپاچی ہیلی کاپٹر پر حملے میں ملوث ہونے کی تردید کر دی

10 جون, 2026 09:36

امریکی اپاچی ہیلی کاپٹر سے متعلق سامنے آنے والے دعوؤں پر ایران نے اپنا مؤقف واضح کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس واقعے میں تہران کا کوئی کردار نہیں۔

 ایرانی نائب وزیر خارجہ نے ایک انٹرویو میں کہا کہ ایران نے جان بوجھ کر کسی امریکی فوجی ہیلی کاپٹر کو نشانہ نہیں بنایا اور اس حوالے سے لگائے جانے والے الزامات حقیقت پر مبنی نہیں ہیں۔

ایرانی نائب وزیر خارجہ کے مطابق آبنائے ہرمز میں اس وقت حالات غیر معمولی حد تک کشیدہ ہیں۔ ایسے ماحول میں بعض اوقات غیر ارادی واقعات بھی پیش آ سکتے ہیں۔ ایران خطے میں مزید کشیدگی نہیں چاہتا اور نہ ہی کسی ایسے اقدام کا حصہ ہے جو صورتحال کو مزید خراب کرے۔

دوسری جانب ایک امریکی عہدیدار نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی اپاچی ہیلی کاپٹر ممکنہ طور پر ایک ایرانی ڈرون سے ٹکرایا تھا۔ تاہم امریکی حکام بھی ابھی تک یہ ثابت نہیں کر سکے کہ یہ واقعہ دانستہ طور پر پیش آیا یا حادثاتی تھا۔ اس معاملے کی تحقیقات جاری ہیں اور حتمی رپورٹ کا انتظار کیا جا رہا ہے۔

ایرانی عسکری ذرائع نے بھی ان خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران آبنائے ہرمز کے علاقے میں ایران کی جانب سے کوئی فضائی کارروائی نہیں کی گئی۔

یاد رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گزشتہ روز دعویٰ کیا تھا کہ آبنائے ہرمز کے قریب گشت کرنے والے ایک جدید امریکی اپاچی ہیلی کاپٹر کو مار گرایا گیا ہے۔

 انہوں نے اپنے سوشل میڈیا بیان میں کہا تھا کہ اگرچہ ہیلی کاپٹر کے دونوں پائلٹ محفوظ رہے لیکن امریکا اپنے فوجی اثاثوں پر حملے کو نظر انداز نہیں کر سکتا۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔