اسرائیل کا بیروت پر فضائی حملہ، 3 لبنانی شہید، حزب اللہ کے یکے بعد دیگرے 17 جوابی حملے

اسرائیل نے سیز فائر کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بیروت کے جنوبی علاقے ضاحیہ پر شدید بمباری کی ہے، جس میں 3 افراد شہید اور 15 زخمی ہو گئے۔
اسرائیلی فوج نے سیز فائر کے معاہدے کی کھلی خلاف ورزی کرتے ہوئے اتوار کے روز لبنانی دارالحکومت بیروت کے جنوبی مضافاتی علاقے ضاحیہ کے محلے غبیری پر جنگی طیاروں سے 4 گائیڈڈ میزائل داغے۔
لبنانی سول ڈیفنس اور سرکاری نیوز ایجنسی کے مطابق اس وحشیانہ فضائی حملے میں 3 افراد شہید اور 15 زخمی ہو گئے ہیں، جبکہ آس پاس کی عمارتوں اور دکانوں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔
اسرائیل کے وزیر اعظم نیتن یاہو اور وزیر دفاع اسرائیل کاٹز نے ایک مشترکہ بیان میں اس حملے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ کارروائی حزب اللہ کی طرف سے شمالی اسرائیل پر کیے جانے والے ڈرون اور راکٹ حملوں کا جواب ہے اور اسرائیل اپنی سرزمیں پر کسی بھی قسم کی فائرنگ برداشت نہیں کرے گا۔
اسرائیلی فوج کے چیف آف اسٹاف ایال ضمیر نے دعویٰ کیا ہے کہ نبطیہ اور دیگر علاقوں میں ان حملوں کا مقصد حزب اللہ کی زمین دوز اور کمانڈ صلاحیتوں کو ختم کرنا ہے۔
اسرائیل نے یہ دعویٰ بھی کیا ہے کہ انہوں نے دریائے لیتانی کے جنوب میں ایک کارروائی کے دوران حزب اللہ کے سینئر کمانڈر علی موسیٰ دقدوق کو شہید کر دیا ہے، تاہم حزب اللہ کی طرف سے ابھی تک اس دعوے کی کوئی تصدیق یا تردید سامنے نہیں آئی۔
اس بڑی کشیدگی کے بعد اسرائیلی ہوم فرنٹ کمانڈ نے ملک بھر میں الرٹ جاری کردیا، کیونکہ انہیں خدشہ ہے کہ حزب اللہ کا سب سے بڑا اتحادی ایران اس حملے کا سخت جواب دے سکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : غزہ میں نسل کشی جاری، گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 3 فلسطینی شہید
دوسری جانب لبنان کی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ نے اپنے سرکاری ٹیلی گرام چینل کے ذریعے اعلان کیا ہے کہ اس کے جنگجوؤں نے جنوبی لبنان کے قصبے عدیسہ میں اسرائیلی فوج کی ایک نئی قائم کردہ توپ خانے کی پوزیشن پر کامیاب حملہ کیا ہے۔
اس کے علاوہ حزب اللہ نے اتوار کی رات گئے مجدل زون کے جنوب مغربی مضافات میں راکٹوں کی بوچھاڑ کر کے اسرائیلی گاڑیوں اور سپاہیوں کو نشانہ بنایا۔
حزب اللہ کا کہنا ہے کہ یہ کارروائیاں اسرائیل کی طرف سے کی جانے والی سیز فائر کی مسلسل خلاف ورزیوں کا منہ توڑ جواب ہیں۔
مجموعی طور پر حزب اللہ نے ایک ہی دن میں جنوبی لبنان کے مختلف علاقوں بشمول نبطیہ، بنت جبیل، مجدل زون، صور، قنطره اور مرجعیون میں اسرائیلی فوجیوں اور گاڑیوں پر 17 حملے کرنے کا دعویٰ کیا ہے، جبکہ جزین اور صیدا کے قریب اسرائیلی ڈرونز پر میزائل بھی فائر کیے گئے۔
اسرائیلی فوج نے تصدیق کی ہے کہ جنوبی لبنان میں راکٹ حملے کے نتیجے میں ان کے 2 فوجی زخمی ہوئے ہیں۔
یاد رہے کہ اسرائیل 2 مارچ سے لبنان پر مسلسل بمباری کر رہا ہے اور جنوبی لبنان کے کئی قصبوں پر قابض ہو چکا ہے، ان اسرائیلی حملوں میں اب تک 3 ہزار 700 سے زائد لبنانی شہید، 11 ہزار 500 کے قریب زخمی اور 15 لاکھ سے زائد افراد بے گھر ہو چکے ہیں۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










