اٹلی اور فرانس کے بعد آسٹریلیا کا بھی اسرائیل کے خلاف تحقیقات شروع کرنے کا اعلان

آسٹریلوی حکومت نے غزہ جانے والے امدادی بحری کارواں سے اغوا کیے گئے اپنے شہریوں پر اسرائیلی قید کے دوران بدترین تشدد اور جنسی حملوں کے الزامات کی آزادانہ تحقیقات کا عندیہ دے دیا۔
غزہ جانے والے امدادی کارواں سے اسرائیلی افواج کے ہاتھوں اغوا ہونے والے آسٹریلوی سماجی کارکنوں نے بتایا ہے کہ ان کی حکومت نے اسرائیلی حراست میں ہونے والے بدسلوکی اور جنسی تشدد کے الزامات کی تفتیش کا عزم ظاہر کیا ہے۔
گلوبل موومنٹ ٹو غزہ آوٹیروآ آسٹریلیا نے سوشل میڈیا پر بتایا کہ آسٹریلوی حکومت نے امدادی کارواں کے کارکنوں پر اسرائیل کے تشدد اور جنسی حملوں کی آزادانہ تحقیقات شروع کرنے کی توثیق کی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : پاکستان سمیت 10 ممالک کی غزہ گلوبل صمود فلوٹیلا پر اسرائیلی حملوں کی مذمت
یہ پیش رفت سماجی کارکنوں کی آسٹریلوی وزیر خارجہ پینی وونگ، بین الاقوامی ترقی کی وزیر این علی، اور آسٹریلوی فیڈرل پولیس اور محکمہ خارجہ کے اعلیٰ وفد سے ملاقات کے بعد سامنے آئی ہے۔
واضح رہے کہ عالمی سمندر میں سفر کے دوران اسرائیلی فورسز کے ہاتھوں اغوا ہونے والے ان کارکنوں کے ساتھ بدسلوکی پر اٹلی اور فرانس بھی پہلے ہی تحقیقات کا آغاز کر چکے ہیں۔
اٹلی کی تفتیش میں اسرائیل کے انتہائی دائیں بازو کے وزیر اتامار بن غفیر بھی شامل ہیں، جنہوں نے ایک ویڈیو شیئر کی تھی، جس میں امدادی کارواں کے شرکاء کو جہاز پر دھکے دیتے اور زمین پر گھٹنوں کے بل بیٹھنے پر مجبور کرتے ہوئے دکھایا گیا تھا۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












