60 دن کیلئے آبنائے ہرمز میں آمد و رفت پر کوئی فیس نہیں ہوگی، امریکی نائب صدر

امریکی نائب صدر نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ جنگ ختم کرنے کے معاہدے کے تحت عالمی جوہری انسپکٹرز کی ایران واپسی بہت جلد ممکن ہو جائے گی، عالمی ادارہ ایران کے یورینیم ذخائر کو تلف کرے گا۔
امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے این بی سی نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ عالمی ایٹمی توانائی ایجنسی ایران کے پاس موجود اعلیٰ افزودہ یورینیم کے ذخیرے کو تلف کرنے میں مدد کرے گی اور یہ بات معاہدے میں واضح لکھی گئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر ایران شرائط پر عمل کرے گا تو اسے عالمی معیشت کا حصہ بننے دیا جائے گا، لیکن اگر وہ خلاف ورزی کرے گا تو اس کے پاس دوبارہ ایٹمی پروگرام بنانے کے وسائل نہیں بچیں گے۔
یہ بھی پڑھیں : ڈیموکریٹس کی ٹرمپ کی ایران جنگ پر سخت تنقید، کانگریس کو بریفنگ دینے کا مطالبہ
انہوں نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو بھی جاری کی، جس میں انہوں نے اسے امریکی عوام کے لیے ایک بڑی کامیابی قرار دیا۔
جے ڈی وینس نے واضح کیا کہ اگلے 60 دنوں تک، جب تک حتمی معاہدے کے مذاکرات چل رہے ہیں، آبنائے ہرمز میں آمد و رفت پر کوئی فیس نہیں ہوگی اور یہ راستہ مکمل کھلا رہے گا۔
انہوں نے تہران کی جانب سے فیس لگانے کی رپورٹس کو ایران کی اندرونی سیاست کا حصہ قرار دیا اور کہا کہ کچھ عناصر ایران کو ملنے والے فائدے بڑھا چڑھا کر دکھا رہے ہیں۔
واضح رہے کہ ٹرمپ انتظامیہ کو اس وقت ڈیموکریٹس اور ریپبلکن دونوں طرف سے سخت دباؤ کا سامنا ہے، جو اس معاہدے کو اوباما دور کے معاہدے سے بھی کمزور قرار دے رہے ہیں اور کانگریس کی نگرانی کا مطالبہ کر رہے ہیں۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











