منگل، 16-جون،2026
منگل 1448/01/01هـ (16-06-2026م)

ایرانی معاہدے پر اسرائیل میں طوفان، نیتن یاہو پر شدید تنقید

16 جون, 2026 08:49

اسرائیلی میڈیا اور سیاسی رہنماؤں نے نیتن یاہو کے حالیہ ٹیلی ویژن خطاب کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ وہ جنگ کے نتائج اور چیلنجز کا جواب دینے میں مکمل ناکام رہے ہیں۔

امریکہ اور ایران کے درمیان معاہدے کے بعد اسرائیل کے اندر شدید بحث چھڑ گئی ہے۔ نیتن یاہو کے خطاب پر تبصرہ کرتے ہوئے اسرائیلی اخبار یدیعوت احرونوت نے ایک اہلکار کے حوالے سے لکھا کہ وزیراعظم کو جنگ میں ہونے والی غلطیوں کا اعتراف کرنا چاہیے تھا، وہ ایسے غیر حقیقی مقاصد کی تشہیر کر رہے ہیں، جو کبھی حاصل نہیں ہو سکتے۔ اخبار کے مطابق نیتن یاہو کی باتیں محض خالی الفاظ کے سوا کچھ نہیں ہیں۔

ڈیموکریٹک پارٹی کے رہنما یائر گولان نے کہا کہ نیتن یاہو اس مشن میں ناکام ہو چکے ہیں، جس کے لیے انہوں نے اپنی پوری سیاسی زندگی وقف کی تھی۔

یہ بھی پڑھیں : شمالی غزہ میں اسپتال کے قریب اسرائیلی حملہ، 4 فلسطینی شہید

دوسری طرف میتولا کونسل کے سربراہ نے نیتن یاہو کو حقیقت سے دور قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ خود آ کر شمالی بستیوں کی تباہی اور شہریوں کی بدحالی دیکھیں۔

اسرائیل کے چینل 13 نے کہا کہ نیتن یاہو کے پاس ملکی تاریخ کے مشکل ترین دور کا کوئی جواب نہیں تھا، جب کہ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اسرائیل کو اس جنگ میں پڑنا ہی نہیں چاہیے تھا۔

چینل 14 نے بھی اس خطاب کو مبہم اور تشویشناک قرار دیا۔ اس دوران اسرائیلی تجزیہ کار گائے ماروز نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہیں پہلے درجے کا بیوقوف کہا اور الزام لگایا کہ امریکی انتظامیہ ایران کے خلاف کچھ حاصل نہیں کر سکی۔

سابق اسرائیلی وزیراعظم ایہود باراک نے بھی اس معاہدے کو اسرائیل کے لیے انتہائی برا قرار دیتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کو نیتن یاہو کے غرور اور اندھے پن کی قیمت چکانی پڑ رہی ہے، کیونکہ جنگ اپنے مقاصد حاصل کرنے میں ناکام رہی ہے۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔