بدھ، 17-جون،2026
بدھ 1448/01/02هـ (17-06-2026م)

قطر جانے کے خواہشمند پاکستانیوں کیلئے بڑی خبر آگئی

17 جون, 2026 15:20

قطر کی وزارت داخلہ نے غیر ملکی رہائشیوں کے لیے اقامتی قوانین میں اہم تبدیلی کا اعلان کر دیا ہے۔

 نئے فیصلے کے مطابق اگر کسی شخص کا ریزیڈنسی پرمٹ یا اقامہ منسوخ ہو جائے تو اسے ملک چھوڑنے کے لیے پہلے کی نسبت کم وقت دیا جائے گا۔ اس فیصلے کا مقصد امیگریشن قوانین پر مؤثر عملدرآمد کو یقینی بنانا بتایا گیا ہے۔

وزارت داخلہ کے پبلک ریلیشنز ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے محفوظ سفری طریقہ کار کے موضوع پر منعقدہ ایک ویبینار میں ایئرپورٹ پاسپورٹس ڈیپارٹمنٹ کے کیپٹن علی احمد علی الکواری نے اس نئی پالیسی کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ اب ریزیڈنسی پرمٹ منسوخ ہونے کے بعد غیر ملکی شہری صرف 14 دن تک قطر میں رہ سکیں گے۔ اس مدت کے بعد ملک میں قیام غیر قانونی تصور ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ اس سے پہلے غیر ملکیوں کو اقامہ منسوخ ہونے کے بعد 30 دن کی رعایتی مدت دی جاتی تھی۔ تاہم نئی ہدایات کے تحت یہ مدت کم کر کے صرف دو ہفتے کر دی گئی ہے۔ اس فیصلے کا اطلاق تمام متعلقہ افراد پر ہوگا اور مقررہ وقت کے اندر ملک سے روانگی ضروری ہوگی۔

حکام کے مطابق اگر کوئی شخص 14 دن کی مقررہ مدت گزرنے کے بعد بھی قطر میں قیام کرتا ہے تو اس پر روزانہ 10 قطری ریال جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ اس لیے تمام غیر ملکی رہائشیوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے سفری اور اقامتی معاملات بروقت مکمل کریں تاکہ کسی قانونی کارروائی یا اضافی اخراجات سے بچ سکیں۔

کیپٹن علی احمد علی الکواری نے شہریوں اور غیر ملکی رہائشیوں کو مشورہ دیا کہ وہ سفر سے پہلے متراس موبائل ایپ ضرور استعمال کریں۔ اس ایپ کے ذریعے سفری حیثیت، ٹریفک جرمانے، اوور اسٹے چارجز اور دیگر واجبات کی معلومات آسانی سے حاصل کی جا سکتی ہیں۔ اس سے مسافروں کو روانگی سے پہلے تمام ضروری معاملات مکمل کرنے میں بھی مدد ملے گی۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔