منگل، 23-جون،2026
منگل 1448/01/08هـ (23-06-2026م)

کاکروچ جنتا پارٹی مودی کے گلے کی ہڈی بن گئی، وزیر تعلیم کے استعفے کیلئے نئی دہلی میں دھرنا جاری

23 جون, 2026 10:40

کاکروچ جنتا پارٹی تحریک مودی سرکار کے لیے بڑا امتحان بن گئی، جہاں امتحانی پرچوں کے بار بار لیک ہونے اور بے روزگاری کے خلاف نئی دہلی میں شدید دھرنا جاری ہے۔

بھارت میں مودی حکومت کی ناکام تعلیمی اور معاشی پالیسیوں کے خلاف سوشل میڈیا سے شروع ہونے والی کاکروچ جنتا پارٹی کی مقبولیت اور طاقت میں روزبروز اضافہ ہو رہا ہے۔

عالمی جریدے الجزیرہ کے مطابق کاکروچ جنتا پارٹی نے نئی دہلی میں جاری اپنا دھرنا وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان کے استعفے تک جاری رکھنے کا اعلان کر دیا ہے۔

نئی دہلی کی جون کی شدید گرمی میں درجنوں مظاہرین نے اپنی راتیں سڑکوں اور فٹ پاتھوں پر سو کر گزاری ہیں۔ کاکروچ جنتا پارٹی کے بانی ابھیجت دیپکے نے نوجوانوں کے مسائل سے متعلق آن لائن شروع ہونے والے اس احتجاج کو اب سڑکوں پر منتقل کر دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : بھارتی ریاست منی پور میں جاری نسلی فسادات نوے کی دہائی جیسی خانہ جنگی کی طرف بڑھنے لگے

الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق امتحانی پرچوں کے بار بار لیک ہونے اور بڑھتی ہوئی بے روزگاری نے بھارتی نوجوانوں میں شدید غصہ پیدا کر رکھا ہے۔

بھارتی جریدے انڈیا ٹوڈے کے مطابق ابھجیت دیپکے نے امتحانی بے ضابطگیوں کے خلاف جاری اس احتجاج میں اب کسانوں سے بھی حمایت کی اپیل کر دی ہے۔

ابھجیت دیپکے کا کہنا ہے کہ جب کسان اپنے حقوق کی جدوجہد کر رہے تھے، تو طلبہ نے ان کا ساتھ دیا تھا اور اب وقت آ گیا ہے کہ کسان بھی طلبہ کا ساتھ دیں۔

عالمی جریدے ساؤتھ چائنا مارننگ پوسٹ کے مطابق یہ جین زی احتجاج سری لنکا، بنگلہ دیش اور نیپال کی طرز پر بھارتی نوجوانوں میں موجود وسیع بے چینی کے خلاف ایک بڑی تحریک کا آغاز ہے، جس نے بی جے پی حکومت کی نااہلی کو دنیا کے سامنے بے نقاب کر دیا ہے۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔