منگل، 23-جون،2026
منگل 1448/01/08هـ (23-06-2026م)

امریکہ اور ایران مذاکرات نے حتمی معاہدے کیلئے بہترین بنیاد رکھ دی ہے، جے ڈی وینس

23 جون, 2026 08:35

امریکی نائب صدر کا کہنا ہے کہ امریکہ اور ایران کے درمیان ہونے والے مذاکرات کے پہلے دور نے مشرقِ وسطیٰ میں جاری جنگ کے خاتمے اور ایک حتمی معاہدے تک پہنچنے کے لیے ایک بہترین بنیاد فراہم کر دی۔

وسطی سوئزرلینڈ کے پرفضاء ریزورٹ برگن اسٹاک میں اتوار سے شروع ہونے والے اور رات گئے تک جاری رہنے والے طویل مذاکرات کے حوالے سے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے کہا کہ ہم نے ایک کامیاب حتمی معاہدے کے لیے بہت مضبوط بنیاد رکھ دی ہے۔

انہوں نے سفارتی عمل کو ایک استعارے کے ذریعے سمجھاتے ہوئے کہا کہ حتمی معاہدہ ایک مکمل مکان کی مانند ہے۔ ابھی ہم نے صرف اس مکان کی بنیاد رکھی ہے، پورا مکان تعمیر نہیں کیا، لیکن ہم نے ایک ایسی کامیاب بنیاد ضرور رکھ دی ہے، جو امریکی عوام کے لیے ایک بہترین نتیجے کا پیش خیمہ ثابت ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں : ایران امریکہ مذاکرات مثبت ماحول میں ہوئے، مشترکہ روڈ میپ پر اتفاق کیا گیا، وزیر اعظم

امریکی نائب صدر نے اس پیش رفت کو سراہتے ہوئے واضح کیا کہ ابھی سفارتی محاذ پر طویل سفر باقی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم سب کے لیے یہ سمجھنا ضروری ہے کہ اب تک کتنا بڑا کام انجام دیا جا چکا ہے، لیکن ایمانداری کی بات یہ ہے کہ اب بھی بہت کچھ کرنا باقی ہے۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کو جوہری اور اقتصادی امور پر جاری مذاکرات میں مزید پیش رفت کرنی ہے جبکہ آبنائے ہرمز کو مائنز یعنی بارودی مواد سے پاک کرنے اور وہاں بحری ٹریفک کی روانی کو پہلے کی طرح بحال رکھنے کے لیے مسلسل کام کرنے کی ضرورت ہے۔

جے ڈی وینس نے پرامید لہجے میں کہا کہ بہت زیادہ پیش رفت ہو چکی ہے لیکن کچھ کام اب بھی باقی ہے اور ہم اس کام کو مکمل کرنے کے لیے پوری طرح پرعزم ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تزویراتی لحاظ سے اہم ترین بحری گزرگاہ آبنائے ہرمز اب کھل چکی ہے اور وہاں سے خام تیل اور قدرتی گیس کے لاکھوں بیرل گزر رہے ہیں، جو اس سے پہلے جنگ کی وجہ سے رکے ہوئے تھے۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔