امریکا کا ایرانی پاسدارانِ انقلاب کیساتھ براہ راست رابطے کا فیصلہ

US decides to establish direct contact with Iranian Revolutionary Guards
امریکا نے مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی کو کم کرنے کے لیے ایرانی پاسدارانِ انقلاب (IRGC) کے ساتھ براہِ راست رابطے قائم کرنے کا بڑا فیصلہ کر لیا ہے۔
امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے ایک برطانوی نیوز ویب سائٹ کو انٹرویو دیتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) اور ایرانی پاسدارانِ انقلاب کے اعلیٰ حکام قطر کے دارالحکومت دوحہ میں ملاقات کریں گے۔
امریکی نائب صدر کا کہنا تھا کہ اس اہم ترین ملاقات میں فریقین کے درمیان دیرینہ اختلافات کے خاتمے، ایران کو ممکنہ معاشی مراعات کی فراہمی اور باہمی تعاون بڑھانے سے متعلق امور پر تفصیلی بات چیت ہوگی۔
انہوں نے بتایا کہ متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے بھی حال ہی میں ایران کے ساتھ ایسے نئے سفارتی و سیکیورٹی رابطے قائم کیے ہیں جو پہلے موجود نہیں تھے، اور ان میں ایرانی پاسدارانِ انقلاب کے ساتھ براہِ راست چینلز بھی شامل ہیں۔
دوسری جانب امریکی وزیرِ خارجہ مارکو روبیو نے کہا کہ دنیا کا کوئی بھی ملک عالمی تجارتی گزرگاہ ‘آبنائے ہرمز’ سے غیر قانونی ٹیکس یا بھتہ وصول نہیں کر سکتا۔
خلیجی ممالک کے رہنماؤں سے ایک اہم بیٹھک کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی وزیرِ خارجہ نے واضح کیا کہ آبنائے ہرمز سے تجارتی جہازوں کی آزادانہ آمدورفت میں کسی بھی قسم کی رکاوٹ یا تعطل بین الاقوامی معاہدوں کی سنگین خلاف ورزی تصور ہوگی۔
مارکو روبیو نے کہا کہ ایران کے ساتھ مستقبل میں ہونے والے کسی بھی ممکنہ معاہدے میں امریکہ کے خلیجی اتحادی ممالک کا مکمل تحفظ اور سیکیورٹی ضمانتیں لازمی طور پر شامل ہوں گی
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.









