جمعہ، 26-جون،2026
جمعہ 1448/01/11هـ (26-06-2026م)

وینزویلا؛ زلزلے سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 235 ہو گئی

26 جون, 2026 12:00

وینزویلا میں بدھ کی شام آنے والے 7.1 اور 7.5 شدت کے دو انتہائی طاقتور زلزلوں نے ملک بھر میں بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی ہے، جس کے نتیجے میں ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد بڑھ کر 235 ہو گئی ہے۔

وینزویلا کے وزیرِ صحت کے مطابق اس قدرتی آفت میں اب تک کم از کم 4 ہزار 300 سے زائد افراد زخمی ہو چکے ہیں جبکہ ملبے تلے دبے اور لاپتہ ہونے والوں کی تعداد ہزاروں میں ہے، جس کے باعث ہلاکتوں میں مزید ہولناک اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

زلزلے کے شدید جھٹکوں کے باعث درجنوں کثیر المنزلہ عمارتیں، جن میں ایک 22 منزلہ ٹاور بھی شامل ہے، زمین بوس ہو گئی ہیں۔ دوسری جانب امریکی ماہرینِ ارضیات نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ تباہی کے حجم کو دیکھتے ہوئے وینزویلا میں مجموعی اموات 10 ہزار سے تجاوز کر سکتی ہیں۔

زلزلے کے نتیجے میں دارالحکومت کراکس کے مرکزی ‘مائی کیٹیا انٹرنیشنل ایئرپورٹ’ کو شدید نقصان پہنچا ہے جس کے بعد وہاں تمام تر فلائٹ آپریشن فوری طور پر معطل کر دیا گیا ہے۔

 وینزویلا کی قائم مقام صدر ڈیلسی روڈریگز نے قومی ٹیلی ویژن پر اپنے خصوصی خطاب میں ایئرپورٹ ٹرمینل کو پہنچنے والے شدید نقصان کی تصدیق کرتے ہوئے متبادل انتظامات کی ہدایات جاری کی ہیں۔

 اس کے علاوہ ملک بھر میں ٹرین سروس معطل کر دی گئی ہے اور تمام تعلیمی ادارے بند کر دیے گئے ہیں۔

برطانوی میڈیا رپورٹس کے مطابق اس وقت تقریباً 30 ہزار سے زائد افراد لاپتہ ہیں، جبکہ لاکھوں متاثرین شدید سردی اور خوف کے عالم میں سڑکوں اور کھلے آسمان تلے راتیں گزارنے پر مجبور ہیں۔

متاثرہ علاقوں میں مقامی انتظامیہ، فوج اور ریسکیو ٹیموں کی جانب سے بڑے پیمانے پر امدادی سرگرمیاں شروع کر دی گئی ہیں، تاہم ملبہ ہٹانے اور دور دراز علاقوں تک رسائی میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز آنے والے ان شدید جھٹکوں کے اثرات صرف وینزویلا تک محدود نہیں رہے، بلکہ کریبین جزائر، امریکہ، میکسیکو اور براعظم امریکہ کے کئی دیگر ممالک میں بھی زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں، جس سے پورے خطے میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔