منگل، 17-فروری،2026
پیر 1447/08/28هـ (16-02-2026م)

اینٹی کرپشن اور پولیس کا آپریشن ناکام، پرویز الٰہی کو گرفتار نہ کیا جا سکا

29 اپریل, 2023 13:05

لاہور: سابق وزیر اعلیٰ پنجاب اور پاکستان تحریک انصاف کے صدر چوہدری پرویز الٰہی کے گھر پر پولیس اور اینٹی کرپشن پرویز الٰہی کو گرفتار نہ کرسکی۔

اینٹی کرپشن کی ٹیم اور پولیس رات بھر لاہور میں پرویز الٰہی کے گھر میں موجود رہی لیکن سابق وزیر اعلیٰ پنجاب گھر میں نہیں ملے تاہم صبح ساڑھے 5 بجے کے قریب آپریشن تقریباً 8 گھنٹوں بعد ختم کر دیا گیا۔

ڈی جی اینٹی کرپشن سہیل ظفر چٹھہ پرویزالٰہی کی رہائش گاہ سے روانہ ہوگئے جبکہ اینٹی کرپشن اور پولیس کی نفری بھی صبح ساڑھے 5 بجے سابق وزیراعلیٰ پنجاب کی گرفتاری کے بغیر ہی واپس چلی گئی۔

واضح رہے کہ چوہدری پرویزالٰہی کے گھرپر رات گئے پولیس نے دھاوا بولا، بکتربند گاڑی مرکزی دروازہ توڑتی ہوئی رہائش گاہ میں داخل ہوئی، پولیس اہلکار دیواریں پھلانگ کر گھر میں کود گئے اور اندرونی داخلی دروازہ بھی توڑ ڈالا جبکہ کھڑکی کے شیشے بھی توڑ دیے۔

یہ بھی پڑھیں: ایک طرف مذاکرات، دوسری طرف گرفتاریاں: فواد کا پرویز الہٰی کے گھر پر چھاپے پر ردعمل

اینٹی کرپشن ٹیم نے رات گئے سابق وزیر اعلیٰ پنجاب کی رہائش گاہ پر یہ کارروائی گوجرانوالہ میں درج مقدمہ میں کی، آپریشن میں 27 افراد کو حراست میں لیا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس کی جانب سے چوہدری پرویز الٰہی کی رہائش گاہ سے حراست میں لیے گئے افراد سابق وزیر اعلیٰ پنجاب کے ملازمین ہیں۔

دوسری جانب محکمہ اینٹی کرپشن حکام کا کہنا تھا کہ اگر ضمانت ہو چکی ہے تو ہمیں عدالت کا آرڈر دکھایا جائے۔

پولیس حکام کا کہنا تھا کہ پرویزالہیٰ کو یہ کہنے آئے تھے کہ کیس میں ان کی ضمانت نہیں ہوئی لیکن مزاحمت پر پولیس کو ایکشن کرنا پڑا۔

پرویزالٰہی کے وکیل عامر سعید راں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جسٹس طارق سلیم شیخ نے 6 مئی تک ضمانت قبل از گرفتاری دی، ہائی کورٹ کا تصدیق شدہ آرڈر ہمیشہ اگلے دن ملتا ہے، ہم نے ان کی کورٹ کے اہلکار سے بات بھی کروا دی۔

Catch all the بریکنگ نیوز News, پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔