جمعہ، 6-فروری،2026
جمعہ 1447/08/18هـ (06-02-2026م)

اینڈرائیڈ فون صارفین کیلئے خطرے کی گھنٹی؛ گوگل کا اہم اعلان

05 فروری, 2026 10:15

گوگل کی جانب سے جاری کی گئی تازہ رپورٹ میں اینڈرائیڈ صارفین کے لیے ایک تشویشناک صورتحال سامنے آئی ہے۔

کمپنی کے مطابق دنیا بھر میں استعمال ہونے والے تقریباً 40 فیصد اینڈرائیڈ موبائل فونز نئے سائبر حملوں کے خطرے سے دوچار ہیں۔ ان فونز میں میل ویئر اور اسپائی ویئر کے ذریعے ڈیٹا چوری ہونے کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق گوگل نے نیا سیکیورٹی اپ ڈیٹ جاری کر دیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ اینڈرائیڈ 12 اور اس سے پرانے ورژنز پر چلنے والے موبائل فونز اب جدید سیکیورٹی اپ ڈیٹس حاصل نہیں کر سکیں گے۔ گوگل کا کہنا ہے کہ ایسے فونز نئے سائبر حملوں کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتے۔

گوگل کے مطابق اس وقت دنیا بھر میں صرف 58 فیصد اینڈرائیڈ فونز ایسے ہیں جو سیکیورٹی سپورٹ کے دائرے میں آتے ہیں۔ باقی 40 فیصد سے زائد فونز اب اس سہولت سے محروم ہو چکے ہیں۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ ایک ارب سے زیادہ صارفین کے موبائل فونز ڈیجیٹل خطرات کی زد میں ہیں۔

گوگل کی جاری کردہ حالیہ رپورٹ میں اینڈرائیڈ ورژنز کے استعمال کے اعداد و شمار بھی سامنے آئے ہیں۔ دسمبر میں جمع کیے گئے ڈیٹا کے مطابق اینڈرائیڈ 16 صرف 7.5 فیصد فونز پر موجود تھا۔ اینڈرائیڈ 15 تقریباً 19.3 فیصد، اینڈرائیڈ 14 تقریباً 17.9 فیصد اور اینڈرائیڈ 13 قریب 13.9 فیصد فونز پر استعمال ہو رہا تھا۔

یہ تمام ورژنز اس لیے اہم سمجھے جا رہے ہیں کیونکہ گوگل اب اینڈرائیڈ 12 یا اس سے پرانے سسٹمز کے لیے سیکیورٹی پیچ فراہم نہیں کرتا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ جو صارفین اب بھی پرانے اینڈرائیڈ ورژن استعمال کر رہے ہیں، ان کا ذاتی ڈیٹا زیادہ خطرے میں ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ایپل کو بھی اپنے آئی فون صارفین کو نئی iOS ورژن پر منتقل کرنے میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔ تاہم ایپل ڈیوائسز کی اکثریت کچھ ہی عرصے میں اپ ڈیٹ ہو جاتی ہے، اس لیے وہاں خطرہ نسبتاً کم ہوتا ہے۔

سائبر سیکیورٹی ماہرین نے مشورہ دیا ہے کہ اگر کسی صارف کا اینڈرائیڈ فون اینڈرائیڈ 13 یا اس سے جدید ورژن پر اپ ڈیٹ نہیں ہو سکتا تو اسے نیا فون خریدنے پر سنجیدگی سے غور کرنا چاہیے۔ اس کے علاوہ غیر معروف ایپس سے پرہیز اور سیکیورٹی سیٹنگز کو اپ ڈیٹ رکھنا بھی ضروری ہے۔

Catch all the سائنس و ٹیکنالوجی News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔