جمعہ، 6-فروری،2026
جمعہ 1447/08/18هـ (06-02-2026م)

رمضان سے قبل مہنگائی کا جن بوتل سے باہر آگیا

05 فروری, 2026 14:36

رمضان المبارک کی آمد سے قبل ہی ملک بھر میں مہنگائی ایک بار پھر قابو سے باہر ہو گئی ہے۔ روزمرہ استعمال کی اشیا کی قیمتوں میں اچانک اور تیز اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے جس سے عوام شدید پریشانی کا شکار ہیں۔

چند ہی دنوں میں سبزیوں، پھلوں، آٹے، گھی اور دیگر ضروری اشیا کی قیمتیں بڑھ گئی ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ رمضان کی تیاری کرنا اب مشکل ہوتا جا رہا ہے۔

رپورٹس کے مطابق اسلام آباد میں صرف چار دن کے دوران ٹماٹر کی قیمت میں 40 روپے فی کلو اضافہ ہوا ہے۔ ٹماٹر جو پہلے 80 روپے فی کلو مل رہا تھا، اب 120 روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔ آلو کی قیمت بھی 40 روپے سے بڑھ کر 50 روپے فی کلو ہو گئی ہے۔

بیسن کی قیمت میں بھی نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ بیسن جو 320 روپے فی کلو تھا، اب 350 روپے میں دستیاب ہے۔ اسی طرح کوکنگ آئل اور گھی کی قیمتوں میں 20 روپے فی کلو اضافہ کر دیا گیا ہے۔ درجہ اول گھی اور تیل کی قیمت 580 سے بڑھ کر 600 روپے جبکہ درجہ سوم گھی اور تیل 510 سے بڑھ کر 530 روپے فی کلو ہو گیا ہے۔

روٹی اور نان کی قیمتوں میں بھی اضافہ کر دیا گیا ہے۔ عام روٹی اور نان پانچ روپے مہنگے ہو کر 25 روپے کے ہو گئے ہیں۔ خمیری نان اب 30 روپے جبکہ کلچہ 35 روپے میں فروخت کیا جا رہا ہے۔ تندوری پراٹھا اور روغنی نان کی قیمت 50 سے بڑھا کر 60 روپے کر دی گئی ہے۔

ہوٹلوں میں چائے کی قیمت بھی بڑھا دی گئی ہے۔ ایک کپ چائے جو پہلے 60 روپے کی تھی، اب 70 روپے میں فروخت ہو رہی ہے۔

انڈوں اور پھلوں کی قیمتوں نے بھی عوام کو پریشان کر دیا ہے۔ چار دن میں دیسی انڈوں کی قیمت 30 روپے درجن بڑھ گئی ہے۔ دیسی براؤن انڈے اب 500 روپے درجن میں فروخت ہو رہے ہیں۔

اسی طرح درجہ سوم سیب کی قیمت 150 سے بڑھ کر 200 روپے فی کلو ہو گئی ہے جبکہ درجہ سوم کیلا 140 روپے سے بڑھ کر 180 روپے درجن تک پہنچ گیا ہے۔

عوام کا کہنا ہے کہ اگر حکومت نے فوری اقدامات نہ کیے تو رمضان المبارک میں غریب اور متوسط طبقے کے لیے گزارا کرنا مزید مشکل ہو جائے گا۔

Catch all the کاروبار News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔