ہفتہ، 7-فروری،2026
ہفتہ 1447/08/19هـ (07-02-2026م)

پاک چین اقتصادی تعاون میں پیش رفت، برآمدات نے نئے ریکارڈ قائم کر دیئے

07 فروری, 2026 15:15

پاکستان اور چین کے درمیان تجارتی اور اقتصادی تعاون میں نمایاں پیش رفت دیکھنے میں آ رہی ہے، جس کے نتیجے میں پاکستان کی برآمدات میں نئے تاریخی سنگِ میل عبور کیے گئے ہیں۔ حکام کے مطابق اسپیشل انویسٹمنٹ فسیلیٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی) کی مؤثر حکمت عملی کے باعث پاکستان عالمی شراکت داری کے ایک نئے دور میں داخل ہو رہا ہے۔

حالیہ پیش رفت کے تحت چینی زرعی ماہرین اور صنعت سے وابستہ رہنماؤں کے ایک وفد نے یونیورسٹی آف ایگریکلچر فیصل آباد کا دورہ کیا، جہاں زرعی شعبے میں کاروباری شراکت داری اور جدید ٹیکنالوجی کی منتقلی کے فروغ کے لیے اہم مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے۔ اس تعاون کا مقصد فارم ویلیو چین کو مضبوط بنانا اور زرعی پیداوار کو جدید خطوط پر استوار کرنا ہے۔

دوسری جانب پاکستان کی برآمدات کے اعداد و شمار بھی حوصلہ افزا ہیں۔ چاول کی برآمدات 62 ملین ڈالر تک پہنچ گئیں جبکہ نمک کی برآمدات میں 20 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ اسی طرح فارماسیوٹیکل شعبے میں بھی نمایاں پیش رفت ہوئی ہے اور سال 2025 میں پاکستان کی فارما برآمدات 11 ملین ڈالر سے تجاوز کر گئی ہیں۔

ماہرین کے مطابق برآمدات میں یہ اضافہ نہ صرف ملکی معیشت کے استحکام میں مددگار ثابت ہو رہا ہے بلکہ روزگار کے مواقع اور اقتصادی خودانحصاری کی جانب بھی اہم پیش رفت کی علامت ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ ایس آئی ایف سی کے عملی اقدامات کی بدولت قومی معیشت کے اہم شعبوں میں تیز رفتار ترقی کا عمل جاری ہے اور آئندہ عرصے میں پاک چین تعاون کے مزید مثبت نتائج سامنے آنے کی توقع ہے۔

Catch all the معیشت News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔