مذاکرات میں پیشرفت کے باوجود ایران پر حملہ عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے : اسحاق ڈار

وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے سینیٹ کے اجلاس میں خطے کی حالیہ صورتحال، ایران پر اسرائیلی حملوں اور پاکستان کی سفارتی کوششوں کے حوالے سے ارکانِ پارلیمنٹ کو تفصیلی بریفنگ دی ہے۔
وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے سینیٹ میں خطے کی سنگین صورتحال پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران پر اسرائیلی حملے کی خبر ملتے ہی دفترِ خارجہ متحرک ہو گیا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ اٹھائیس فروری کو پاکستان نے اس صورتحال پر اپنا پہلا باضابطہ ردعمل دیا اور پھر آیت اللہ خامنہ ای کی شہادت کی افسوسناک خبر پر وزیر اعظم شہباز شریف نے فوری بیان جاری کیا۔
یہ بھی پڑھیں : ٹرمپ، اسرائیل کیلئے امریکی اور ایرانی جانوں کی قربانی دے رہا ہے : عباس عراقچی
اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ ایران پر مذاکرات میں پیشرفت کے باوجود حملہ کیا گیا، جو عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ پاکستان نے نہ صرف اس حملے کی شدید مذمت کی ہے بلکہ جوہری توانائی کے حوالے سے ایران کے جائز موقف کی بھی بھرپور حمایت کی ہے۔
انہوں نے انکشاف کیا کہ وہ یورپی یونین سمیت تیرہ ممالک کی قیادت سے اس معاملے پر رابطہ کر چکے ہیں۔ وزیر خارجہ نے ایوان کو بتایا کہ اس وقت پورا خلیجی خطہ اس صورتحال کی زد میں ہے، تاہم پاکستان کی یقین دہانی اور سفارت کاری کی بدولت فی الحال سعودی عرب اور اومان پر حملے نہیں ہو رہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کی کوششیں وقتی نہیں بلکہ مسلسل جاری ہیں۔ وزیر اعظم کے فیصلے کے مطابق دونوں ایوانوں کے اپوزیشن لیڈرز اور پارلیمانی لیڈرز کو اس نازک صورتحال اور افغانستان کے معاملے پر جلد ایک ان کیمرہ بریفنگ دی جائے گی تاکہ پوری سیاسی قیادت کو اعتماد میں لیا جا سکے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










