پشین میں تہرے قتل کے خلاف لاشوں کے ہمراہ احتجاج، کوئٹہ شاہراہ بلاک

بلوچستان کے ضلع پشین میں رشتے کے تنازع پر ایک خاتون سمیت خاندان کے تین افراد کے لرزہ خیز قتل کے خلاف لواحقین نے لاشوں کے ہمراہ شاہراہ پر دھرنا دے دیا ہے، جس سے آمد و رفت معطل ہو گئی ہے۔
بلوچستان کے علاقے پشین میں گزشتہ رات رشتے کے تنازع پر ہونے والی فائرنگ کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والی لڑکی، اس کے والد اور کزن کی لاشوں کے ہمراہ لواحقین کا یارو کے مقام پر شدید احتجاج جاری ہے۔
مظاہرین نے کوئٹہ پشین شاہراہ کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دیا ہے، جس کے باعث گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئی ہیں۔ مظاہرین کا مطالبہ ہے کہ قتل میں ملوث ملزمان کو فوری طور پر گرفتار کر کے کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔
یہ بھی پڑھیں : لکی مروت : فائرنگ کے مختلف واقعات میں 5 افراد قتل
اسسٹنٹ کمشنر پشین نقیب اللہ آغا اور ڈی ایس پی پشین مظاہرین کے ساتھ مذاکرات کر رہے ہیں تاکہ دھرنا ختم کرایا جا سکے۔ دوسری جانب معاون برائے داخلہ بلوچستان بابر یوسفزئی نے واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ایس پی پشین کو چوبیس گھنٹے میں رپورٹ جمع کرانے اور ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دیا ہے۔
انہوں نے متاثرہ خاندان سے تعزیت کرتے ہوئے واضح کیا کہ کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور صوبے کا امن ہر قیمت پر برقرار رکھا جائے گا۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










