وزیراعظم فیول ریلیف اسکیم: ٹوکن والی گاڑی کو ہی سستا پیٹرول ملے گا

وزیراعظم فیول ریلیف اسکیم کے تحت سستا پیٹرول حاصل کرنے والے شہریوں کے لیے پیٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن نے اہم وضاحت جاری کردی ہے۔ ایسوسی ایشن کے مطابق سبسڈی کا فائدہ صرف اسی گاڑی کو دیا جائے گا جس کے لیے باقاعدہ ٹوکن جنریٹ ہوا ہو۔
آل پاکستان پیٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ وزیراعظم کی فیول ریلیف اسکیم کے تحت رعایتی پیٹرول حاصل کرتے وقت متعلقہ گاڑی اور اس کے ٹوکن کی تفصیلات ساتھ رکھیں، کیونکہ پمپ مالکان ٹوکن کے بغیر کسی دوسری گاڑی کو سبسڈی والا پیٹرول فراہم نہیں کرسکتے۔
ایسوسی ایشن کے رہنما نعمان علی بٹ کے مطابق حکومت کی جانب سے وضع کردہ طریقہ کار کے تحت سبسڈی صرف رجسٹرڈ گاڑی اور اس سے منسلک ٹوکن کی بنیاد پر دی جائے گی۔ پٹرول پمپ پر موجود عملہ سسٹم میں ظاہر ہونے والے ٹوکن کی تصدیق کے بعد ہی رعایتی پیٹرول فراہم کرے گا۔
انہوں نے واضح کیا کہ اگر کسی شہری کے نام یا گاڑی کے لیے ٹوکن جاری ہوا ہے تو سبسڈی والا پیٹرول کسی دوسری گاڑی یا موٹر سائیکل میں منتقل نہیں کیا جاسکتا۔ پمپ مالکان بھی مقررہ طریقہ کار کے مطابق صرف اسی گاڑی کو رعایت دینے کے پابند ہیں جس کے لیے سسٹم میں ٹوکن موجود ہو۔
نعمان علی بٹ نے شہریوں سے کہا ہے کہ وہ پٹرول پمپ کے عملے سے کسی غیر رجسٹرڈ گاڑی میں رعایتی پیٹرول ڈالنے کا مطالبہ نہ کریں۔ ان کے مطابق اس سلسلے میں پمپ مالکان اور عملہ حکومتی ہدایات کے تحت کام کررہا ہے۔
وزیراعظم فیول ریلیف اسکیم کے تحت ملک بھر میں لاکھوں شہری رجسٹریشن کراچکے ہیں اور اہل افراد کو حکومتی سبسڈی کے ذریعے پیٹرول کی قیمت میں ریلیف فراہم کیا جارہا ہے۔
حکومت کی جانب سے اسکیم کے لیے ڈیجیٹل نظام بھی فعال کیا گیا ہے، جس کے ذریعے رجسٹریشن، ٹوکن کے اجرا اور رعایتی پیٹرول کے حصول کے عمل کی نگرانی کی جارہی ہے۔
حکام کے مطابق اسکیم کے تحت شہریوں کو فراہم کیے جانے والے ریلیف کی رئیل ٹائم مانیٹرنگ بھی کی جارہی ہے تاکہ سبسڈی کا فائدہ درست اور اہل افراد تک پہنچایا جاسکے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












