منگل، 29-ستمبر،2026
منگل 1448/04/18هـ (29-09-2026م)

پنشن اصلاحات کیلئے پاکستان کا اے ڈی بی سے 50 کروڑ ڈالر قرض کا منصوبہ

29 ستمبر, 2026 08:43

حکومت نے سرکاری پنشن کے بڑھتے ہوئے اخراجات کو قابو کرنے اور پنشن نظام میں اصلاحات کے لیے ایشیائی ترقیاتی بینک سے 50 کروڑ ڈالر قرض لینے کا منصوبہ تیار کرلیا ہے۔

ذرائع کے مطابق مجوزہ پروگرام کا نام ٹرانسفارمنگ پبلک سیکٹر پنشن پروگرام رکھا گیا ہے، جس کے تحت ایشیائی ترقیاتی بینک سے تین سال کے لیے 500 ملین ڈالر کا پروگرام لون حاصل کیا جائے گا۔

مجوزہ پروگرام کے تحت پنشن نظام کو زیادہ پائیدار بنانے کے لیے مختلف انتظامی اور مالیاتی اصلاحات متعارف کرانے کا منصوبہ ہے۔ اس عمل میں موجودہ نظام میں بہتری کے ساتھ نئی کنٹری بیوشن پنشن اسکیم کے نفاذ کو بھی مؤثر بنانے پر توجہ دی جائے گی۔

اے ڈی بی کی جانب سے پروگرام سے متعلق تکنیکی معاونت بھی فراہم کی جائے گی تاکہ پنشن اصلاحات کے لیے ضروری ادارہ جاتی اور انتظامی اقدامات کو آگے بڑھایا جاسکے۔

حکومت کے مطابق وفاقی سرکاری ملازمین کا سالانہ پنشن بل 1169 ارب روپے تک پہنچ چکا ہے، جس کے باعث پنشن اخراجات وفاقی بجٹ پر ایک بڑا مالی دباؤ بن گئے ہیں۔

وزارت خزانہ کے مطابق موجودہ پنشن نظام کے تحت ریٹائرڈ سرکاری ملازمین کو ہر سال بجٹ سے پنشن ادا کی جاتی ہے۔ بڑھتے ہوئے اخراجات کے باعث حکومت کو طویل مدت میں پنشن کی مالی ذمہ داریوں کو منظم کرنے کی ضرورت پیش آرہی ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ پنشن اخراجات میں مسلسل اضافے سے حکومت کے دیگر شعبوں کے لیے دستیاب مالی گنجائش بھی متاثر ہوسکتی ہے، جس میں صحت، تعلیم اور انفرااسٹرکچر جیسے اہم شعبے شامل ہیں۔

پاکستان حکومت نے 2024 سے نئی بھرتی ہونے والے ملازمین کے لیے کنٹری بیوشن پنشن اسکیم متعارف کرائی تھی، جبکہ پرانے ڈیفائنڈ بینیفٹ نظام میں بھی مختلف اصلاحات کی گئی ہیں۔

مجوزہ پروگرام کے تحت ان اصلاحات کو مزید مؤثر بنانے کے لیے ادارہ جاتی صلاحیت بڑھانے، مالیاتی نگرانی بہتر بنانے اور نئی پنشن اسکیم کے انتظامی ڈھانچے کو مضبوط کرنے پر توجہ دی جائے گی۔

اے ڈی بی کے مطابق پاکستان میں پنشن اصلاحات کے منصوبے کا مقصد ایک زیادہ پائیدار نظام کی طرف منتقلی اور پنشن نظام کی نگرانی و انتظام کو بہتر بنانا ہے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔