ایران نے بیشتر شرائط مان لیں، نئی قیادت کے ساتھ معاہدہ ممکن ہے، ٹرمپ

امریکی صدر نے ایران کے خلاف جاری مہم میں بڑی سفارتی اور فوجی کامیابی کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ تہران میں پرانا نظام مفلوج ہو چکا ہے اور نئی قیادت امریکہ کے ساتھ جامع معاہدے کے لیے تیار ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے صدارتی طیارے ایئر فورس ون پر صحافیوں سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ایران کے حوالے سے انتہائی اہم پیش رفت کا اعلان کیا ہے۔
صدر ٹرمپ نے بتایا کہ آج ایران کے ساتھ ہونے والے مذاکرات غیر معمولی طور پر کامیاب رہے ہیں اور ایرانی حکام ان تمام شرائط کو ماننے پر آمادہ ہو گئے ہیں، جو انہیں بہت پہلے تسلیم کر لینی چاہیے تھیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ امریکہ اپنے نمائندوں کے ذریعے ایران کے ساتھ براہ راست اور بالواسطہ رابطے میں ہے اور ان مذاکرات کے نتائج اب تک انتہائی مثبت رہے ہیں۔
صدر ٹرمپ نے انکشاف کیا کہ ایران میں پرانی حکومت مکمل طور پر تباہ ہو چکی ہے اور اس کے کارندے مارے جا چکے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اب ہم جن لوگوں سے بات کر رہے ہیں، وہ بالکل مختلف اور پیشہ ور گروہ ہے، جن سے پہلے کبھی کسی نے ڈیل نہیں کی۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ تہران میں اب وہ پرانا نظام موجود نہیں رہا، جس کے خلاف امریکہ نبرد آزما تھا، اور اس سے بہتر ریجیم چینج یعنی تبدیلیِ حکومت نہیں ہو سکتی تھی۔
یہ بھی پڑھیں : نو کنگز ڈے : ٹرمپ کیخلاف عوامی بغاوت، واشنگٹن سمیت کئی شہروں میں مظاہرے، لاکھوں کی شرکت
صدر ٹرمپ نے یہ سنسنی خیز دعویٰ بھی کیا کہ مجتبیٰ خامنہ ای یا تو مر چکے ہیں یا پھر انتہائی بری حالت میں ہیں، کیونکہ ان کی طرف سے اب تک کچھ سننے کو نہیں ملا۔
فوجی صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ ایران میں امریکی زمینی فوج بھیجنے کی کوئی ضرورت پیش نہیں آئے گی، کیونکہ واشنگٹن کے پاس متبادل منصوبے موجود ہیں۔ امریکی فوج نے آج ہی ایران میں کئی اہم اہداف کو کامیابی سے نشانہ بنا کر تباہ کیا ہے۔
اپنی منفرد حکمت عملی کا ذکر کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہم مذاکرات بھی کرتے ہیں اور ساتھ ہی بمباری بھی کرنی پڑتی ہے، تاکہ مطلوبہ نتائج حاصل کیے جا سکیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ایران نے امریکہ کے احترام میں آبنائے ہرمز سے 20 تیل بردار بحری جہازوں کو گزرنے کی اجازت دے دی ہے، جو کہ ایک بڑی سفارتی جیت ہے۔
صدر ٹرمپ نے مزید بتایا کہ پاکستان کے سفیروں اور نمائندوں کے ذریعے ایران کو 15 مطالبات پر مشتمل ایک فہرست بھیجی گئی تھی، جس کے بیشتر نکات پر ایران نے آمادگی ظاہر کر دی ہے۔
اگرچہ صدر ٹرمپ نے معاہدے کے حوالے سے قوی امید ظاہر کی ہے، تاہم انہوں نے یہ بھی کہا کہ ممکن ہے آخر میں کوئی ڈیل نہ ہو پائے، لیکن اس وقت امریکہ انتہائی مضبوط پوزیشن میں ہے۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












