پیر، 30-مارچ،2026
پیر 1447/10/11هـ (30-03-2026م)

لاہور ایئرپورٹ پر ایف آئی اے کی کارروائی، انسانی اسمگلنگ کی کوشش ناکام، 5 گرفتار

30 مارچ, 2026 13:51

وفاقی تحقیقاتی ادارے نے لاہور ایئرپورٹ پر بڑی کارروائی کرتے ہوئے وزٹ ویزا کی آڑ میں غیر قانونی طور پر بیرون ملک جانے والے دو مسافروں اور تین ایجنٹوں کو گرفتار کر لیا ہے۔

لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر امیگریشن حکام نے انسانی اسمگلنگ کا منصوبہ ناکام بنا دیا ہے۔ ترجمان ایف آئی اے کے مطابق شاہزیب ریاض اور مرزا عثمان نامی دو مسافروں کو امیگریشن کلیئرنس کے دوران شک کی بنیاد پر روکا گیا۔

یہ بھی پڑھیں : پنجاب بھر میں 3 ماہ کے دوران 11 ہزار سے زائد منشیات فروش گرفتار

دوران تفتیش ملزمان نے انکشاف کیا کہ وہ سری لنکا اور کمبوڈیا کے راستے غیر قانونی طور پر البانیہ جانے کی کوشش کر رہے تھے۔ ملزمان نے اعتراف کیا کہ انہوں نے طیب، خالد اور کاشف علی نامی ایجنٹوں کو فی کس بیس لاکھ روپے ادا کئے تھے۔

ایف آئی اے حکام نے مسافروں کی نشاندہی پر فوری کارروائی کرتے ہوئے ایئرپورٹ کی پارکنگ سے تینوں ایجنٹوں کو بھی دھر لیا۔ گرفتار ملزمان کو مزید قانونی کارروائی اور تفتیش کے لیے انسداد انسانی اسمگلنگ سرکل لاہور کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ وزٹ ویزا پر بیرون ملک جا کر غیر قانونی راستوں سے یورپ میں داخل ہونے والے گروہوں کے خلاف گھیرا تنگ کیا جا رہا ہے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔