بدین میں بینک اکاؤنٹس کی خرید و فروخت کرنے والا 5 رکنی گروہ بے نقاب

بدین میں شہریوں کو مالی فائدے کا لالچ دے کر ان کے نام پر بینک اکاؤنٹس کھلوانے اور بعد میں نوسربازوں کو فروخت کرنے والے گروہ بے نقاب ہو گیا۔
پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے گروہ کے 3 ارکان کو گرفتار کرلیا، جبکہ 2 ملزمان تاحال فرار ہیں۔ پولیس نے فرار ملزمان کی گرفتاری کے لیے کوششیں شروع کردی ہیں۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان شہریوں کو مختلف مالی فائدوں کا لالچ دیتے تھے۔ اس کے بعد ان کے نام پر بینک اکاؤنٹس کھلوائے جاتے تھے۔ یہ اکاؤنٹس بعد میں مبینہ طور پر دیگر افراد کو فروخت کردیئے جاتے تھے۔
کارروائی کے دوران گرفتار ملزمان کے موبائل فونز کی تلاشی بھی لی گئی۔ پولیس کے مطابق فونز سے سینکڑوں بینک اکاؤنٹس کی تفصیلات ملی ہیں۔ ملزمان نے اکاؤنٹس کی خرید و فروخت کے لیے کئی واٹس ایپ گروپس بھی بنا رکھے تھے۔ ان گروپس کے ذریعے اکاؤنٹس سے متعلق معلومات اور لین دین کیا جاتا تھا۔
پولیس کے مطابق ملزمان سے خریدے گئے بینک اکاؤنٹس کو مبینہ طور پر آن لائن فراڈ کے لیے استعمال کیا جاتا تھا۔ ایسے اکاؤنٹس کے ذریعے ہونے والی مشتبہ سرگرمیوں کی بھی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ پولیس اس بات کا بھی سراغ لگا رہی ہے کہ گروہ نے اب تک کتنے شہریوں کے اکاؤنٹس حاصل کیے اور انہیں کن افراد کو فروخت کیا۔
پولیس نے گرفتار ملزمان کے خلاف تھانہ بدین میں مقدمہ درج کرلیا ہے۔ ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے۔ تفتیش کے دوران گروہ کے دیگر ساتھیوں اور اکاؤنٹس کی خرید و فروخت میں ملوث افراد کے بارے میں مزید معلومات سامنے آنے کی توقع ہے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











